کے سی آر انسان کی شکل میں شیطان: کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی

   

دولتمند ریاست تلنگانہ دو لاکھ کروڑ کی مقروض
حیدرآباد ۔ 6 ۔ نومبر (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کے سی آر انسانی شکل میں ایک راکشس ہے اور وہ اپنی غلط پالیسیوں کے ذریعہ عوام کو مشکلات سے دوچار کر رہے ہیں ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے وقت ریاست کا قرض بڑھ کر دو لاکھ کروڑ تک پہنچ چکا ہے ۔ کے سی آر نے تلنگانہ کو دولت مند ریاست قرار دیا لیکن 6 برسوں میں ریاست مقروض ہوچکی ہے ۔ آر ٹی سی ہڑتال سے نمٹنے کے طریقہ کار پر تنقید کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کے سی آر کی دھمکیوں کا آر ٹی سی ملازمین پر کوئی اثر نہیں پڑا۔ رجوع بکار ہونے کی ڈیڈ لائین مقرر کئے جانے باوجود 300 ملازمین بھی ڈیوٹی پر رجوع نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ دھمکیوں کے ذریعہ آر ٹی سی ہڑتال کو ناکام بنانے کی سازش کی جارہی ہے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ 9 نومبر کو چلو ٹینک بنڈ پروگرام تمام سیاسی جماعتوں کی تائید سے کامیاب رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی ملازمین کی اموات پر چیف منسٹر کی خاموشی افسوس ناک ہے۔ انسانی ہمدردی کے ناطے چیف منسٹر کو کم از کم اظہار تعزیت کرنا چاہئے تھا۔ کانگریس رکن پارلیمنٹ نے یقین ظاہر کیا کہ ٹی آر ایس حکومت کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے کانگریس ، تلنگانہ میں دوبارہ برسر اقتدار آئے گی ۔ پردیش کانگریس کی صدارت کے لئے دعویداری کے بارے میں پوچھے جانے پر وینکٹ ریڈی نے کہا کہ پردیش کانگریس کی صدرات دی جائے یا نہیں ، وہ کانگریس پار ٹی کے لئے ان کی خدمات جاری رہیں گی۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ریاست کے تمام شعبہ جات حکومت کی کارکردگی سے متاثر ہوئے ہیں اور عوامی ناراضگی میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے ۔