کے سی آر اور بی آر ایس پر تنقید کیلئے کویتا کافی : وینکٹ ریڈی

   

آئندہ 20 دن میں مجالس مقامی کے انتخابات، تلنگانہ میں کانگریس کو دوبارہ اقتدار کا یقین
حیدرآباد ۔14 ۔ جنوری (سیاست نیوز) وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس پارٹی اور اس کے صدر کے چندر شیکھر راؤ پر تنقید کرنے کیلئے ان کی دختر کویتا کافی ہے۔ وینکٹ ریڈی نے آج محبوب نگر ضلع میں مختلف ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا ۔ وزیر اینمل ہسبنڈری وی سری ہری کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس قائدین پر تنقید کیلئے کسی اور کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ کویتا اپنے والد اور دوسروں پر تنقید کیلئے کافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی آر ایس کا دور ختم ہوچکا ہے اور آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس دوبارہ برسر اقتدار آئے گی۔ حکومت ترقیاتی منصوبہ پر عمل پیرا ہے اور فلاحی اسکیمات کو عوامی مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی کے انتخابات میں بہتر کامیابی کی صورت میں حکومت فلاحی اسکیمات پر موثر انداز میں عمل کرے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مجالس مقامی کے چناؤ میں کانگریس کی تائید کریں۔ مجالس مقامی کا چناؤ پارٹی نشان کی بنیاد پر ہوتا ہے اور ریاست کی 138 میونسپلٹیز میں بی آر ایس کو 10 فیصد نشستیں بھی حاصل نہیں ہوں گی۔ وینکٹ ریڈی نے پنچایت چناؤ میں 40 فیصد نشستوں پر کامیابی کے کے ٹی آر کے دعویٰ کو مسترد کردیا اور انہیں چیلنج کیا کہ مجالس مقامی چناؤ میں اپنی طاقت کا مظاہرہ کریں۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ 10 برسوں کی حکمرانی کے دوران بی آر ایس نے ریاست کو مقروض بنادیا ہے ۔ حکومت کی بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں کے بارے میں کویتا انکشافات کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کیلئے کویتا کافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پالمور رنگا ریڈی پراجکٹ کیلئے 27 ہزار کروڑ خرچ کئے گئے لیکن پراجکٹ کی تکمیل نہیں ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ غریب طلبہ کو کارپوریٹ طرز کی تعلیم فراہم کرنے کیلئے 20 ہزار کروڑ سے اقامتی اسکولس قائم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 20 دنوں میں مجالس مقامی کے انتخابات ہوں گے۔ وینکٹ ریڈی نے تقریباً 60 کروڑ لاگت کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا۔1