کے سی آر اور جگن مخالف مودی محاذ کا حصہ نہیں ہونگے ؟

   

کانگریس سے اختلافات بنیادی وجہ ۔ ممتابنرجی کی کوششوں سے دونوں کی دوری کا امکان

حیدرآباد۔9 اگسٹ(سیاست نیوز) ٹی آر ایس اور وائی ایس آر کانگریس قومی سطح پر بی جے پی کے خلاف محاذ کا حصہ نہیں بنیں گے! ترنمول سربراہ و چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کی کوششوں کا حصہ تلگو ریاستوں کی حکمران جماعتیںہوں گی یا نہیں یہ کہنا قبل از وقت ہوگا ۔ کہا جا رہاہے کہ دونوں کانگریس کی وجہ سے محاذ کا حصہ نہیں بنیں گی کیونکہ دونوں کو کانگریس سے اختلاف ہے لیکن ٹی آر ایس کی جانب سے گذشتہ انتخابات سے قبل غیر کانگریسی مخالف بی جے پی محاذ کی تشکیل کی کوشش کی گئی تھی جو ناکام ہوئی ۔ کے سی آر نے گذشتہ انتخابات سے قبل فیڈرل فرنٹ کی کوشش کی تھی اور ایک سے زائد مرتبہ ممتابنرجی سے ملاقات کرچکے تھے ۔ ممتا بنرجی نے چیف منسٹر آندھرا پردیش جگن موہن ریڈی کو بھائی قرار دیتے ہوئے کہا تھا وہ سیاسی طور پر ایک ہیں۔ ممتا بنرجی قومی سطح پر مخالف بی جے پی محاذ کی تشکیل میں سرگرم ہیں ۔ ملک کی غیر این ڈی اے جماعتوں سے رابطہ کیا جا رہاہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ ان کو ایک پلیٹ فارم پر لایا جائے لیکن ٹی آر ایس اور وائی ایس آر کانگریس اس محاذ کا حصہ نہیں ہوں گے جس میں کانگریس شامل رہیگی ۔ ذرائع کے مطابق تلنگانہ راشٹر سمیتی نے واضح کردیا کہ وہ اس محاذ کا حصہ نہیں ہوگی جس میں کانگریس شامل ہو ۔ وائی ایس آر سی پی کے متعلق بھی کہا جا رہاہے کہ وہ کانگریس سے مفاہمت یا قربت کا ارادہ نہیں رکھتی۔وائی ایس آر سی پی کا الزام ہے کہ کانگریس جب اقتدار میں تھی اس نے جگن کو جیل بھیجا تھا۔وائی ایس آر سی پی نے کانگریس سے اتحاد کے سوال پر کہا تھا کہ اتحاد اسی وقت ممکن ہے جب سونیا گاندھی اعتراف کریں کہ کانگریس نے اقتدار کا فائدہ اٹھا کر جگن کے خلاف مقدمات درج کروائے تھے ۔ دونوں موقف کو دیکھتے ہوئے کہا جا رہاہیکہ یہ مخالف بی جے پی محاذ کا حصہ نہیں رہیں گے۔