گوداوری سے پانی کی تقسیم اور دیگر مسائل پر بات چیت کا امکان
حیدرآباد۔ 30 جون (پی ٹی آئی) آندھرا پردیش کے چیف سیکریٹری ایل وی سبرامنیم نے اتوار کو کہا کہ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور آندھرا پردیش میں ان کے ہم منصب وائی ایس جگن موہن ریڈی توقع ہے کہ وسط جولائی میں امراوتی میں ملاقات کریں گے تاکہ ریاست کی تقسیم اور دونوں ریاستوں کے درمیان دریائی پانی کی حصہ داری جیسے مسائل کی یکسوئی کی کوشش کی جاسکے۔ دونوں چیف منسٹروں نے دریائی پانی کی تقسیم اور دیگر مسائل پر گزشتہ ہفتہ بات چیت کی تھی جس کے بعد یہ اجلاس مقرر کیا گیا ہے۔ دونوں حکومتوں کے انجینئروں اور عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ دریائے گوداوری میں دستیاب پانی کی حصہ داری کے بارے میں 15 جولائی تک ابتدائی رپورٹ پیش کریں۔سبرامنیم نے پی ٹی آئی سے کہا کہ (دونوں چیف منسٹروں کے)مجوزہ اجلاس سے قبل عبوری تجاویز پیش کرنے کیلئے کہا گیا تھا ۔ دونوں چیف منسٹر اس رپورٹ کا جائزہ لیں گے جس کے بعد دونوں ایک ساتھ مل بیٹھیں گے اور مسائل کی یکسوئی کا فیصلہ کریں گے۔ اس مرتبہ دونوں چیف منسٹروں کا اجلاس آندھرا پردیش میں منعقد ہوگا۔ جگن نے 28 جون کو کے سی آر سے ملاقات کے بعد کہا تھا کہ دونوں حکومتیں حل طلب مسائل کی یکسوئی کیلئے کام کرنا چاہتی ہیں اور تعلقات میں معیاری تبدیلی ہے۔
