دونوں ریاستوں کے مسائل پر تبادلہ خیال متوقع
حیدرآباد ۔ 25جون ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور آندھراپردیش کے ان کے ہم منصب وائی ایس جگن موہن ریڈی کی 28جون کو ملاقات متوقع ہے تاکہ بین ریاستی آبی مسائل پر تبادلہ خیال ہوسکے اور ساتھ ہی تقسیم کے وقت باقی رہ جانے والے مسائل کی یکسوئی کے لئے بھی تبادلہ خیال ہوسکے اور امید کی جارہی ہے کہ یہ ملاقات کے سی آر کے آفس پرگتی بھون میں ہوگی ۔ 28مئی کو آندھراپردیش کے اسمبلی انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے چیف منسٹر کی کرسی پر فائز ہونے کے بعد وائی ایس جگن موہن ریڈی کی یہ کے سی آر سے چھٹی ملاقات ہے جو کہ ایک مہینہ کے اندرون ہوئی ہے ۔ اسمبلی انتخابات کے نتائج کے فوری بعد وائی ایس جگن موہن ریڈی نے فوراً پرگتی بھون کا دورہ کرکے کے سی آر سے ملاقات کی تھی تاکہ حلف برداری میں کے سی آر کو مدعو کیا جائے ۔ بعد ازاں کے سی آر 30مئی کو وجئے واڑہ کا دورہ کرکے جگن موہن ریڈی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی تھی ۔ علاوہ ازیں کے سی آر گذشتہ ہفتہ وجئے واڑہ کا دورہ کیا تھا تاکہ کالیشورم پراجکٹ کے افتتاحی تقریب میں وائی ایس جگن موہن ریڈی کو مدعو کیا جاسکے جس پر آندھراپردیش کے چیف منسٹر نے تلنگانہ کادورہ کیا تھا جہاں پر دونوں چیف منسٹرس کی ملاقات ہوئی تھی ۔ دریں اثناء راج بھون میں دونوں تلگو ریاستوں کے چیف منسٹروں کی ملاقات کے دوران تقسیم ریاست کے وقت جو مسائل رہے ہیں ان پر تبادلہ خیال ہوا تھا ۔ امید کی جارہی ہے کہ اس ملاقات میںگوداوری اور کرشنا ندی کے پانی کے تقسیم پر دونوں کے درمیان تبادلہ خیال ہوگا ۔