کے سی آر اور مودی جڑواں بچے کی طرح ہیں: ریونت ریڈی

   

بی آر ایس اور بی جے پی نے عوام کو دھوکہ دیا، جیون ریڈی کی سیاست سب کیلئے آئیڈیل، جگتیال میں عوامی جلسہ سے خطاب

جگتیال۔/11مارچ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جگتیال میں ہاتھ سے ہاتھ جوڑو کانگریس پارٹی کی یاترا میں عوام ہزاروں کی تعداد میں شریک ہورہے ہیں ۔پدیاترا موضع چلگل سے شام کے اوقات آغاز ہوا۔چلگل سے امباری پیٹ چرلہ پلی اندرا نگر گاندھی نگر میٹھے پانی کی باولی، لڈو خواجہ چوک ٹاور سرکل نیو بس اسٹانڈ سرکل پہنچی ۔ریونت ریڈی کا جگہ جگہ والہانہ استقبال کیا گیا۔ نیو بس اسٹانڈ سرکل پر بڑے عوامی جلسے سے ریونت ریڈی نے خطاب کیا۔ان کے ہمراہ رکن اسمبلی وسابق وزیر سریدھر بابو ،سابق ایم پی پونم پربھاکر ، ایم ایل سی جیون ریڈی، ضلعی صدر اے لکشمن کمار اور مہیلا صدر وجیہ لکشمی اور دیگر موجود تھے۔ اس موقع پر ریونت ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کی کارکردگی پر سوال کرنے والے ایک مرتبہ سال 2004 تا 2014 کی حکومت کا اور سال2014 تا 2024 کا جایزہ لیں کس نے کیا کام کیا، معلوم ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ یکم جنوری نئے سال 2024 میں کانگریس پارٹی اقتدار میں آنا یقینی ہے ،بد عنوان حکومت سے چھٹکارہ اور نفرت سے پاک تمام طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔کے سی آر اور مودی ایک ہی ہیں وہ جڑواں بچے ہیں ،کے سی آر گلی میں شراب تو بیٹی کویتا دلی میں شراب اسکام کرر ہی ہیں۔ کے سی آر نے تلنگانہ ریاست میں 3000 ہزار سے زاید شراب کی دوکانیں اور 60 ہزار سے زاید بیلٹ شاپ کھولے ۔کویتا کو ای ڈی نوٹس مودی اور کے سی آر کا کھیل ہے۔ بدعنوانیوں پر پردہ ڈالنے اور عوام کی توجہ اڈانی سے ہٹانے کیلئییہ سب کھیل کھیلا جارہا ہے ۔ کویتا کو ای ڈی نوٹس سے تلنگانہ عوام اور سماج کی توہین ہوئی ہے۔ سونیا گاندھی کو بیماری کی حالت میں ای ڈی نوٹس اور پوچھ تاچھ، کویتا کے ساتھ ایک قانون دوسرو ںکے ساتھ ایک قانون، آخر یہ کیا ہے ؟ انہوں نے کہا کہ کویتا ایم پی تھیں تب انہیں خواتین ریزرویشن کا خیال نہیں آیا اب جنتر منتر پر احتجاج کیا جارہا ہے۔ نظام شوگر فیکٹری کو سو دن میں بحال کرنے کا وعدہ کیا گیا اور موجودہ ایم پی اروند نے پانچ دن میں ہلدی بورڈ قائم کرنے کا تحریری بانڈ دیا، لیکن دونوں نے دھوکہ دیا ۔کانگریس برسر اقتدار آتے ہی شوگر فیکٹری کی بحالی اور کسانوں کے دو لاکھ تک کے قرض معاف اور دولاکھ ملازمتیں، آروگیہ شری کے تحت دولاکھ سے پانچ لاکھ کا مفت علاج ،خواتین کیلئے 500 روپئے میں پکوان گیس سلینڈر اور ان کے مکان تک پہنچایا جائے گا۔ بے گھر افراد کو اندراماں مکان کی تعمیر کیلئے پانچ لاکھ روپئے دیئے جائیں گے۔ مودی نے 9 ریاستوں کی حکومت کو بے دخل کیا۔ جگتیال کے جیون ریڈی عوامی قاید ہیں جو عوام کے حق و انصاف کیلئے اپنی انتھک جدوجہد کرنے والے جہدکار ہیں، ان کی زندگی عوام سے جڑی ہوئی ہے، وہ گلی سے ہٹ کر کبھی دلی نہیں گئے اور ان کی سیاست سب کیلئے آئیڈیل ہے۔ انہوں نہ صرف جگتیال کی عوام بلکہ تلنگانہ کی عوام کیلئے کئی قربانیاں دی ہیں، ایسے قائدین کے ساتھ میں صدر پی سی سی کے عہدہ پر خدمات انجام دینا میرے لیے اعزاز اور فخر کی بات ہے ۔ آنے والے انتخابات میں عوام انھیں1994 کی طرح 54 ہزار کی اکثریت سے کامیاب بناکر اسمبلی بھیجنے پر انھیں ریاست میں اعلی عہدہ پر فائز کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ کانگریس پارٹی کی جانب سے تلنگانہ پی سی سی صدر ریونت ریڈی کی جانب سے شروع کردہ ہاتھ سے ہاتھ جوڑو پدیاترا جگتیال پہنچنے پر مسلم علاقے تین کھنی تا لڈو خواجہ چوراہے تک خیر مقدمی فلیکسیز سے بھردیا گیا اور ان کا شاندار استقبال کیا گیا ۔محمد ھلال نے تین کھنی چوراہے پر اپنی بیٹی کے ہاتھوں ریونت ریڈی کی گلپوشی کی ۔ریونت ریڈی نے بھی اس لڑکی کی گلپوشی کی اور شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر جیون ریڈی اور سریدھر بابو اور دیگر موجودتھے۔