انڈین یوتھ کانگریس کی قومی عاملہ کا اجلاس، رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔/7 جون، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر اور مودی حکومتوں نے بیروزگار نوجوانوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ دونوں نے الیکشن کے موقع پر روزگار کی فراہمی کا وعدہ کیا تھا لیکن اس پر عمل نہیں کیا گیا۔ اتم کمار ریڈی آج حیدرآباد میں انڈین یوتھ کانگریس کی قومی عاملہ کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے ووٹ حاصل کرنے کیلئے نریندر مودی اور کے سی آر نے خوش کن وعدے کئے تھے۔ تلنگانہ میں نوجوانوں کو بیروزگاری الاؤنس کا اعلان کرتے ہوئے آج تک اجرائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ تقررات کا جو اعلامیہ جاری کیا گیا اس کے امتحانات میں شفافیت نہیں رہی۔ گروپ I اور دیگر امتحانات کے پرچہ جات کا افشاء ہوا جس کے نتیجہ میں حقیقی مستحق امیدواروں کے ساتھ ناانصافی کا اندیشہ ہے۔ اتم کمار ریڈی نے یوتھ کانگریس قائدین سے اپیل کی ہے کہ وہ مودی اور کے سی آر حکومت کی ناکامیوں کو عوام کے درمیان پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ کانگریس تلنگانہ میں پارٹی کی کامیابی میں اہم رول ادا کرسکتی ہے۔ انڈین یوتھ کانگریس کی قومی عاملہ کے اجلاس میں ملک بھر سے یوتھ کانگریس کے صدور اور قائدین شرکت کررہے ہیں۔ انڈین یوتھ کانگریس کے صدر بی وی سرینواس، تلنگانہ انچارج اے کرشنا، صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس شیوا سینا ریڈی، اے آئی سی سی سکریٹری ومشی چند ریڈی، پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ اور دیگر قائدین نے خطاب کیا۔ر