کے سی آر اور مودی حکومت کی ناکامیوں کے خلاف نوجوان جدوجہد کریں

   


یوتھ کانگریس کے نئے صدر کی جائزہ تقریب، اتم کمار ریڈی اور دیگر قائدین کا خطاب
حیدرآباد۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے یوتھ کانگریس کو مشورہ دیا کہ وہ تلنگانہ میں بیروزگاری کے خلاف ایجی ٹیشن کی قیادت کرے۔ اتم کمار ریڈی آج گاندھی بھون میں نئے ریاستی صدر یوتھ کانگریس شیوا سینا ریڈی کے عہدہ کا جائزہ لینے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ کانگریس کارکنوں کو ریاست میں نوجوانوں کے ساتھ کی جارہی ناانصافیوں کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیئے۔ مرکز اور ریاستی حکومتوں نے نوجوانوں بالخصوص بیروزگاروں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ بڑھتی بیروزگاری پر قابو پانے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ کے سی آر نے ایک لاکھ ملازمتیں جبکہ نریندرمودی نے ہر سال 2 کروڑ ملازمتوں کا وعدہ کیا تھا لیکن دونوں بھی اپنے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوئے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے ایک خانگی ادارہ کی رپورٹ کا حوالہ دیا اور کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران 12.2 کروڑ افراد روزگار سے محروم ہوگئے۔ 9.2 کروڑ افراد غیر منظم شعبہ میں روزگار سے محروم ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم اور چیف منسٹر کو روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں دلچسپی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ کانگریس قائدین ٹی آر ایس اور بی جے پی حکومتوں کے خلاف بڑے پیمانے پر ایجی ٹیشن کا آغاز کریں اور نوجوانوں میں حکومت کی ناکامیوں کو آشکار کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ گریجویٹ زمرہ کی 2 ایم ایل سی نشستوں اور ناگرجنا ساگر ضمنی چناؤ میں کانگریس پارٹی مقابلہ کرے گی۔ نوجوانوں کو کانگریس پارٹی کی تائید کرتے ہوئے ٹی آر ایس اور بی جے پی کو شکست دینی چاہیئے۔ نئے یوتھ کانگریس صدر کے علاوہ عاملہ کی جائزہ تقریب میں سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، ایم ایل سی جیون ریڈی، سابق سی ایل پی قائدین کے جانا ریڈی، محمد علی شبیر، ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر ، اے آئی سی سی سکریٹریز ومشی چند ریڈی، سمپت کمار، یوتھ کانگریس کے آل انڈیا صدر
سرینواس، آل انڈیا جنرل سکریٹری انیل کمار یادو، سابق رکن پارلیمنٹ ملو روی اور دوسروں نے شرکت کی۔ شیوا سینا ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں یوتھ کانگریس کو مستحکم کرتے ہوئے حکومت کی ناکامیوں کے خلاف جدوجہد کی جائے گی۔ سابق وزیر محمد علی شبیر نے کہا کہ یوتھ کانگریس قائد کی حیثیت سے انہوں نے 30 دن کی جیل کی سزا کاٹی تھی۔ اندرا گاندھی کی ہلاکت کے معاملہ میں تلگودیشم نے راجیو گاندھی پر الزام عائد کیا تھا جس پر یوتھ کانگریس قائدین نے اسمبلی میں داخل ہوکر احتجاج کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یوتھ کانگریس سے ان کے سیاسی سفرکا آغاز ہوا ہے۔ انہوں نے کسانوں اور نوجوانوں کے ساتھ حکومتوں کی ناانصافی کی مذمت کی۔ رکن اسمبلی سریدھر بابو، سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی، مدھو یاشکی گوڑ اور دیگر قائدین نے مخاطب کیا۔