کے سی آر اور کویتا کے خلاف مودی کے بیان پر ہریش راؤ کی تنقید

   

حیدرآباد ۔28۔ جون (سیاست نیوز) وزیر صحت ہریش راؤ نے وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے چیف منسٹر کے سی آر اور کویتا کے بارے میں کئے گئے ریمارکس پر شدید ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بی آر ایس کی بڑھتی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر وزیراعظم نریندر مودی نے شخصی ریمارکس کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کسی پارٹی کے ایجنٹ نہیں بلکہ وہ کسانوں کے ایجنڈہ کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ مہاراشٹرا میں بی آر ایس کو غیر معمولی عوامی تائید حاصل ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی صنعتکار اڈانی کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی لاکھ جلسے منعقد کرلیں کامیابی بی آر ایس کی ہوگی۔ کے سی آر کے آگے کسی کی نوٹنکی نہیں چلے گی۔ واضح رہے کہ بھوپال میں نریندر مودی نے کہا تھا کہ اگر کے سی آر کی دختر کی بھلائی چاہتے ہو تو بی آر ایس کو ووٹ دیں اور اپنے بچوں کی بھلائی چاہتے ہو تو بی جے پی کو ووٹ دیجئے۔ ر
حیدرآباد میں عنقریب آؤٹر رنگ ریل پراجکٹ کا آغاز : کشن ریڈی
حیدرآباد ۔28۔ جون (سیاست نیوز) مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی نے کہا کہ آؤٹر رنگ روڈ پراجکٹ کی طرز پر انڈین ریلویز تلنگانہ میں آؤٹر رنگ ریل پراجکٹ کے آغاز کا جائزہ لے رہا ہے ۔ نئی دہلی میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ عنقریب ریجنل رنگ روڈ کے مماثل آؤٹ رنگ ریل پراجکٹ کا تلنگانہ میں آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انڈین ریلویز نے پراجکٹ کی تفصیلات مرکزی حکومت کو روانہ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آؤٹر رنگ روڈ اور آؤٹر رنگ ریل پراجکٹس سے حیدرآباد کے عوام کو کافی سہولت ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ آؤٹر رنگ روڈ کے معاملہ میں 90 فیصد کام اختتامی مراحل میں ہیں۔ حیدرآباد میں آوٹر رنگ ریل پراجکٹ کا آغاز ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا پراجکٹ ہوگا ۔ اس پراجکٹ سے نہ صرف عوام بلکہ تاجروں اور کسانوں کو سہولت ہوگی۔ ر
وجئے واڑہ ، گنٹور ، ورنگل ، میدک اور ممبئی ریلوے لائینس کو آؤٹر رنگ ریل پراجکٹ سے مربوط کیا جائے گا۔ر