5 ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز، صنعت نگر اور مشیرآباد میں روڈ شو سے خطاب
حیدرآباد۔/26 نومبر، ( سیاست نیوز) کرناٹک کے ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیو کمار نے چیف منسٹر کے سی آر کو چیلنج کیا کہ وہ کرناٹک کا دورہ کرتے ہوئے کانگریس حکومت کی جانب سے عمل کی جارہی 5 ضمانتوں کا بذات خود جائزہ لیں۔ شیو کمار نے کہا کہ وہ کے سی آر اور ان کے ساتھیوں کیلئے حیدرآباد سے بنگلور سفرکا انتظام کرنے کیلئے تیار ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر کرناٹک نے کل رات صنعت نگر اور مشیرآباد اسمبلی حلقہ جات میں روڈ شو کرتے ہوئے کانگریس امیدواروں کے حق میں مہم چلائی۔ صنعت نگر کے کانگریس امیدوار کے نیلماں اور مشیرآباد کے انجن کمار یادو کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کرتے ہوئے شیو کمار نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کے حق میں لہر ہے اور عوام نے تبدیلی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ شیو کمار نے کہا کہ 9 ڈسمبر کو تلنگانہ میں کانگریس کی نئی حکومت تشکیل پائے گی اور پہلے کابینی اجلاس میں 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا فیصلہ کیا جائے گا۔ شیو کمار نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر کرناٹک حکومت کے بارے میں گمراہ کن پروپگنڈہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اور کے ٹی آر کو ان کا چیلنج قبول کرتے ہوئے کرناٹک کا دورہ کرنا چاہیئے۔ روڈ شو اور کارنر میٹنگ میں ہزاروں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ شیو کمار نے کہا کہ ملک بھر میں کانگریس کے حق میں لہر پائی جاتی ہے اور پانچ ریاستوں کے اسمبلی چناؤ میں کانگریس کی کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کے سی آر حکومت کرپشن اور بدعنوانیوں سے منسوب رہی ہے اور کانگریس برسراقتدار آنے پر تمام طبقات کی بھلائی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی 10 سالہ حکمرانی سے عوام مایوس ہوچکے ہیں کیونکہ کے سی آر وعدوں کی تکمیل میں ناکام رہے۔