کے سی آر اپنے افراد خاندان کے ساتھ پوترے ہیمانشو کے گریجویشن ڈے میں شریک

   

دادا ، دادی اور والدین سامعین میں بیٹھے رہے
حیدرآباد۔/18 اپریل، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج اپنے چہیتے پوترے ہیمانشو کی بارہویں جماعت میں گریجویشن تقریب میں شرکت کرتے ہوئے حوصلہ افزائی کی۔ کے ٹی راما راؤ کے فرزندہیمانشو گچی باؤلی میں واقع اوکریج انٹرنیشنل اسکول میں بارہویں جماعت کے طالب علم ہیں اور اسکول کی جانب سے بارہویں جماعت کی تکمیل پر گریجویشن ڈے تقریب منعقد کی گئی جس میں طلبہ کو گریجویشن ڈے ڈریس پہنایا گیا۔ چیف منسٹر کے سی آر اپنے افراد خاندان کے ساتھ گریجویشن ڈے تقریب میں شریک ہوئے جن میں چیف منسٹر کی شریک حیات شوبھا راؤ، وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ، ان کی اہلیہ اور دختر شامل تھے۔ کے سی آر خاندان کے تمام اہم ارکان گریجویشن ڈے تقریب میں شریک ہوئے جس کے نتیجہ میں کالج کے دیگر طلبہ کے سرپرستوں نے مسرت کا اظہار کیا۔ کے ٹی آر اپنی اہلیہ شیلماں اور دختر الیکھیہ کے ساتھ اپنے فرزند کی حوصلہ افزائی کیلئے موجود رہے۔ چیف منسٹر اور ان کے افراد خاندان ساری تقریب کے دوران سامعین میں پہلی صف میں بیٹھے رہے اور وہ اسٹیج پر نہیں گئے۔ مختلف شعبہ جات میں بہتر مظاہرہ پر طلبہ کو ایوارڈس پیش کئے گئے۔ چیف منسٹر کے پوترے کے ہیمانشو راؤ کو کمیونٹی یوٹیلیٹی سرویسس کے شعبہ میں بہتر مظاہرہ کیلئے ایوارڈ پیش کیا گیا۔ ہیمانشو کو سی اے ایس شعبہ میں بھی ایکسلینس ایوارڈ حاصل ہوا۔ گریجویشن ڈریس پہنتے ہی ہیمانشو اسٹیج سے نیچے اُترے اور اپنے دادا، دادی اور والد سے آشیرواد حاصل کیا۔ چیف منسٹر نے تعلیم کے ساتھ ساتھ سماجی خدمات میں بھی اپنے پوترے کے مظاہرے پر مسرت کا اظہار کیا۔ تقریب میں ہیمانشو کی نانی اور دیگر رشتہ دار موجود تھے۔ ہیمانشو کے کلاس میٹس نے چیف منسٹر کے سی آر اور کے ٹی آر سے ملاقات کی۔ر