کے سی آر تیزی سے روبہ صحت، بہت جلد پارٹی کارکنوں کو دستیاب

   

تلنگانہ بھون میں حلقہ لوک سبھا پداپلی کا اجلاس، سابق وزیر ہریش راؤ کا خطاب
حیدرآباد ۔ 6 جنوری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے رکن اسمبلی سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے کہا کہ سابق چیف منسٹر کے سی آر تیزی سے صحتیاب ہورہے ہیں۔ بہت جلد اضلاع کے دورے کریں گے اور فبروری سے تلنگانہ بھون میں پارٹی کارکنوں کو دستیاب رہیں گے۔ آج تلنگانہ بھون میں حلقہ لوک سبھا پداپلی کے پارٹی قائدین کا اجلاس منعقد ہوا، جس سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ کے سی آر روبہ صحت ہورے ہیں بہت جلد عوام کے سامنے رہیں گے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس پارٹی اقتدار حاصل کرتے ہی کے سی آر کٹ اسکیم سے کے سی آر کی تصویر کو نکال دیا ہے مگر تلنگانہ عوام کے دلوں سے کے سی آر کو ہرگز نکال نہیں پائے گی۔ کانگریس حکومت بی آر ایس حکومت کے دوراقتدار میں متعارف کردہ فلاحی اسکیمات کو برخاست کرنے یا ان اسکیمات کو زیرالتواء رکھنے کی کوشش کررہی ہے۔ کانگریس حکومت کے ان عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف بی آر ایس خاموش نہیں رہے گی۔ عوامی احتجاج کا آغاز کرے گی۔ بی آر ایس کارکنوں کے خلاف انتقامی کارروائی کی گئی تو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ بی آر ایس کے ارکان اسمبلی بسوں کے ذریعہ متاثرین کے پاس پہنچنے کا حکومت کو انتباہ دیا۔ پارٹی کارکنوں کے تحفظ کے معاملے میں بی آر ایس پارٹی کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ تلنگانہ تحریک کے دوران استعفیٰ دیئے مگر کوئی سمجھوتہ نہیںکریں اور نہ ہی کسی اور مسئلہ پر راضی ہوئے تھے۔ حکومت کی کارکردگی مایوس کن ہے۔ ایک ماہ میں ہی حکومت کے خلاف عوامی ناراضگی شروع ہوجائے گی۔ حکومت کو فراہم کئے گئے دھان کی قیمت اور رعیتو بندھو اسکیم کے فنڈز آج تک حکومت کسانوں کے بنک اکاؤنٹس میں جمع نہیں کی ہے۔ دس سال تک بحیثیت چیف منسٹر کے سی آر نے بہترین خدمات انجام دیتے ہوئے ریاست تلنگانہ کو ملک بھر میں مثالی ریاست کے طور پر ترقی دی تھی۔ تاہم اپوزیشن نے کے سی آر حکومت کے خلاف گمراہ کن مہم چلائی جس کی وجہ سے بی آر ایس کو شکست ہوئی ہے۔ اسمبلی الیکشن میں بی آر ایس کی شکست صرف ’’اسپیڈبریکر‘‘ ہے۔ اس سے بی آر ایس کیڈرکو مایوس یا خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد بی آر ایس پہلی مرتبہ اصل اپوزیشن پارٹی کا رول ادا کررہی ہے۔ اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرتے ہوئے بی آر ایس حکومت کو سبق سکھائے گی۔ حلقہ لوک سبھا پداپلی کے انتخابات میں پارٹی کے کارکن اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے بی آر ایس امیدوار کو کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کریں۔2