حیدرآباد 29 مئی ( این ایس ایس ) کانگریس کے بھونگیر رکن پارلیمنٹ کے وینکٹ ریڈی نے آج الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو کا واحد مقصد جنوبی تلنگانہ علاقہ کو صحرا بنادینا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر گوداوری دریا کو کرشنا سے جوڑنے کی بات کر رہے ہیں اور اس کا واحد مقصد مزید آبپاشی پراجیکٹس شروع کرتے ہوئے کمیشن حاصل کرنا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کونڈا پوچما ذخیرہ آب کی وجہ سے سابقہ غیر منقسم ضلع نلگنڈہ بھی ایک صحرا میں بدل جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے گنڈا ملا اور بسوا پور ذخائر آب کو نظر انداز کردیا ہے اور کانگریس پارٹی کے ورکرس اس مسئلہ پر احتجاج کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کارکن اور قائدین اپنے علاقہ سے ریاستی حکومت کے جانبدارانہ رویہ کے خلاف احتجاجی پروگرامس شروع کرنے تیار ہیں۔ انہوں نے پارٹی قائدین اور ورکرس پر زور دیا کہ وہ 2 جون کو ہونے والے مجوزہ مہادھرنا پروگرام کو کامیاب بنائیں۔ یہ دھرنا پروگرامس تمام کرشنا دریا پر مبنی پراجیکٹس پر ہونے والے ہیں۔ انہوں نے تمام اپوزیشن جماعتوں پر بھی زور دیا کہ وہ آگے آئیں اور ان مسائل پر کانگریس کے ساتھ مل کر جدوجہد کریں۔ انہوں نے آندھرا حکومت پر بھی زور دیا کہ وہ پوتی ریڈی پاڈو سے پانی حاصل کرنے کا ارادہ ترک کردے ۔
