کے سی آر حکومت بدعنوان ، ریاست میں بیروزگاری عام

   

بی جے پی ، بی آر ایس کو مجلس کا تعاون ، کانگریس کو دور رکھنا مقصد ، ظہیرآباد میں انتخابی جلسہ ، پرینکا گاندھی کا خطاب

ظہیرآباد ۔28 نومبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کانگریس کی حرکیاتی قائد پرینکا گاندھی نے آج تلنگانہ اسمبلی انتخابات کی مہم کے آخری دن ظہیرآباد ٹاؤن میں کانگریس امیدوار ڈاکٹر اے چندر شیکھر کی انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے ریاست کی کے سی آر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ نریندر مودی اور کے سی آر ایک ہی سکہ کے دو رُخ ہیں اور دونوں کا مقصد ریاست تلنگانہ میں کانگریس کو اقتدار سے دور رکھنا ہے جب کہ مجلس ان دونوں کے مقاصد کی تکمیل میں معاونت کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں جب سے بی جے پی برسر اقتدارآئی ہے ملک کے امن و امان میں خلل پیدا ہوگیا ہے۔ بیروزگاری میں حد درجہ اضافہ ہوگیا ہے۔ خواتین کی عصمت محفوظ نہیں ہے۔ مہنگائی آسمان کو چھورہی ہے۔ عوام کی قوت خرید میں کمی آگئی ہے۔ عام آدمی کی زندگی اجیرن بن گئی ہے۔ چھوٹے بیوپاریوں ، کسانوں اور مزدوروں کا کوئی پُرسان حال نہیں ہے۔ سرکاری ملازمتوں کے دروازے بند ہوگئے ہیں۔ ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور اخوت و بھائی چارہ کی جگہ نفرت اور تفرقہ کو پروان چڑھایا جارہا ہے۔ غریبوں کی جیبیں خالی کرتے ہوئے امیروں کے خزانے بھرے جارہے ہیں۔ جمہوریت کی بجائے ڈکٹیٹرشپ پر عمل کیا جارہا ہے۔ قصورواروں کو بے قصور اور بے قصور واروں کو قصوروار ٹھیرایا جارہا ہے۔ تمام سرکاری جائیدادیں دولتمندوں کے سپرد کرد گئے ہیں اور ان سے وصول طلب لاکھوں روپئے کے بقایات معاف کردیئے جارہے ہیں۔ ملک کے باشندوں سے مذہب کی بنیاد پر امتیاز برتا جارہا ہے۔ عوام کو متحد رکھنے کے بجائے ہندو مسلم کے خانوں میں تقسیم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی بی آر ایس حکومت بھی مرکز کے نقش قدم پر چل رہی ہے۔ دونوں کا مقصد کانگریس کو اقتدار سے دور رکھنا ہے۔ انہوں نے تلنگانہ کی بی آر ایس حکومت کو بدعنوان قرار دیا اور کہا کہ جس مقصد کی تکمیل کیلئے تلنگانہ ریاست کی تشکیل عمل میں آئی اس کو پورا کرنے میں بی آر ایس بری طرح ناکام ہوگئی۔ ریاست میں بیروزگاری عام ہوگئی ہے۔ کسان پریشان حال ہیں جب کہ کے سی آر خاندان خوشحال ہے۔ پرینکا گاندھی نے واضح طور پر کہا کہ کے سی آر نے جتنا پیسہ عوام سے لوٹا ہے اسے عوام کے بینک کھاتوں میں کانگریس جمع کردے گی۔ انہوں نے کانگریس کی 6 ضمانتوں کا حوالہ دیا اور کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آتے ہی کابینہ کے پہلے اجلاس میں تمام ضمانتوں کو قانونی شکل دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کے تمام مسائل خاص کر گنے کے کاشتکاروں کے مسائل پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے ان کے حل کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے ملک اور ریاست کے حالات کو مد نظر رکھتے ہوئے کانگریس امیدوار کے حق میں اپنا ووٹ استعمال کرنے کی عوام سے پرزور اپیل کی۔ کانگریس امیدوار ڈاکٹر اے چندر شیکھر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کے پانچ منڈلوں کے تمام مواضعات کی عوام نے اپنی شرکت درج کراتے ہوئے کانگریس سے اٹوٹ وابستگی کا ثبوت دیا۔