کے سی آر حکومت میں بہت جلد زلزلہ ، ہنمنت راؤ کی پیشن گوئی

   

لڑکیوں پر مظالم کے واقعات میں اضافہ، حاجی پور کے متاثرین 6 ماہ سے انصاف سے محروم
حیدرآباد۔25۔ ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد اور سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے پیشن گوئی کی ہے کہ کے سی آر کی زیر قیادت ٹی آر ایس حکومت میں بہت جلد زلزلہ آئے گا اور حکومت بحران کا شکار ہوگی۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں لڑکیوں پر مظالم میں روز افزوں اضافہ ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والی لڑکیوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ پسماندہ طبقات سے حکومت کو اس قدر ناراضگی کیوں ہیں کہ خاطیوں کے خلاف کارروائی سے گریز کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کے قریب عہدے حاصل کرنے والے بی سی قائدین کی خاموشی معنیٰ خیز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کے رویہ میں تبدیلی نہیں آتی تو عوام بالخصوص پسماندہ طبقات بغاوت پر اتر آئیں گے ۔ ہنمنت راؤ بھونگیر کے حاجی پور میں تین لڑکیوں کی عصمت ریزی اور قتل کے واقعہ کا ذکر کیا اور کہا کہ چھ ماہ گزرنے کے باوجود آج تک خاطی کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ ورنگل میں اسی طرح واقعہ کے سلسلہ میں فاسٹ ٹریک کورٹ میں مقدمہ چلایا گیا تھا۔ حاجی پور کے سلسلہ میں بھی فاسٹ ٹریک کورٹ قائم کیا جائے ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ حاجی پور کے متاثرہ خاندانوں کے لئے حکومت نے آج تک امداد کا اعلان نہیں کیا ۔ چیف منسٹر اور کے ٹی آر کی جانب سے کوئی ہمدردی ظاہر نہیں کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی عہدوں کیلئے نہیں بلکہ عوام کیلئے جدوجہد کرتی ہے۔ ہنمنت راؤ نے ریمارک کیا کہ جس طرح دیگر شعبوں میں تلنگانہ کو نمبر ون قرار دیا جاتا ہے ، عصمت ریزی کے واقعات میں بھی وہ نمبر ون ہے۔ ہنمنت راؤ نے حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کی صدارت کے لئے سابق کپتان محمد اظہرالدین کی تائید کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدارت کے عہدہ پر حقیقی کھلاڑیوں کی موجودگی سے کرکٹ کا بھلا ہوگا۔ اظہرالدین کے انتخاب کی صورت میں تلنگانہ میں کرکٹ کو نہ صرف فروغ ہوگا بلکہ باصلاحیت کھلاڑی ابھریں گے ۔ ہنمنت راؤ نے فلم کامیڈین وینو مادھون کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ ان کے قریبی دوست تھے۔