کے سی آر حکومت وعدوں کی تکمیل میں ناکام: اتم کمار ریڈی

,

   

حضور نگر ضمنی چناؤ میں کانگریس کی کامیابی یقینی

حیدرآباد ۔ 11 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر حکومت فلاحی اسکیمات پر عمل آوری میں ناکام ہوچکی ہے ۔ بیروزگاری بھتہ ، کسانوں کے قرض کی معافی جیسے وعدوں کی عدم تکمیل کے باوجود حکومت میں شامل افراد خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر نے گزشتہ انتخابات میں عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں کی ہے۔ انہوں نے کسانوں کے قرض کی معافی اسکیم پر فوری عمل آوری کا مطالبہ کیا ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ریاستی کابینہ میں تمام طبقات کو موثر نمائندگی نہیں دی گئی ہے ۔ مادیگا طبقہ کو نمائندگی نہ دینا افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس کے قائدین ناانصافیوں پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حضور نگر اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں کانگریس پارٹی حکومت کی ناکامیوں کو عوام کے روبرو پیش کرے گی اور عوام ٹی آر ایس کو سبق سکھائیں گے ۔ اتم کمار ریڈی نے یقین ظاہر کیا کہ ضمنی انتخابات میں کانگریس کو شاندار کامیابی حاصل ہوگی ۔ زرعی شعبہ کے مسائل پر حکومت کی ناکامی کے خلاف آج اتم کمار ریڈی کی قیادت میں دھرنا منظم کیا گیا ہے۔