کرپشن دراصل پرگتی بھون سے شروع ہوتا ہے ، بی جے پی قائد سریدھر ریڈی کا الزام
حیدرآباد ۔ 11 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : بھارتیہ جنتا پارٹی نے آج الزام عائد کیا کہ تلنگانہ حکومت ایک کرپٹ حکومت ہے اور اے سی بی عہدیداروں کی کاوشوں کی ستائش کی جنہوں نے کئی عہدیداروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کرپشن کو بے نقاب کیا ۔ یہاں ایک پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے بی جے پی ترجمان سریدھر ریڈی نے کرپٹ عہدیداروں کے خلاف اے سی بی عہدیداروں کی کارروائی کا خیر مقدم کیا لیکن کہا کہ وہ چھوٹے عہدیداروں کو پکڑ رہے ہیں اور بڑے عہدیدار کو چھوڑ دیا جارہا ہے ۔ یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے شروع کئے گئے ۔ آبپاشی اور پینے کے پانی کے پراجکٹس میں بھاری کرپشن اور بدعنوانیاں ہوئی ہیں انہوں نے کہا کہ منڈل سے ڈسٹرکٹ اور اعلیٰ سطح تک بھاری کرپشن ہورہا ہے اگر کوئی عام آدمی اس کے لینڈ ریکارڈس چیک کرنا چاہے تو اس میں بھاری کرپشن ہوتا ہے اور اگر وہ لینڈ ریکارڈ کی معلومات حاصل کرنا چاہے تو کوئی مدد نہیں کی جاتی ہے ہر جگہ کرپشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے کہا تھا کہ وہ کرپشن کو برداشت نہیں کرے گی ۔ سریدھر ریڈی نے الزام عائد کیا کہ دراصل کرپشن پرگتی بھون سے شروع ہوتا ہے ۔ اگر اے سی بی کے عہدیداروں کو پوری آزادی دی گئی تو پورا کرپشن باہر ہوگا اور تمام نام باہر آئیں گے۔ یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ یہ چھ فیصد کی سرکار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت ہر کام کے لیے 6 فیصد کمیشن چارج کرتی ہے ۔ یہ کہتے ہوئے کہ یہ کمیشن کی حکومت ہے انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے پاس کے سی آر حکومت کے تمام کاموں کا تفصیلی ثبوت ہے اور اسے مناسب وقت پر ظاہر کیا جائے گا ۔۔