کے سی آر حکومت کو شکست دینے کسانوں سے ریونت ریڈی کی اپیل

   

قرض معافی میں ناکامی، کسانوں کے نام کھلا خط

حیدرآباد۔/16 جولائی، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے تلنگانہ کے کسانوں کے نام کھلا خط جاری کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ کے سی آر نے کسانوں کے قرض معافی کے وعدہ پر عمل آوری میں دھوکہ دیا ہے۔ ریونت ریڈی نے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ وعدوں کی تکمیل میں ناکام کے سی آر کو سبق سکھائیں۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ کسان گذشتہ کئی برسوں سے قرض معافی کے وعدہ پر عمل آوری کے منتظر ہیں۔ تلنگانہ حکومت کا آخری بجٹ پیش کیا جاچکا ہے لیکن قرض معافی کے سلسلہ میں کوئی وضاحت نہیں ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کسانوں کو دھوکہ دہی کے معاملہ میں کے سی آر نے ریکارڈ قائم کیا ہے۔ کانگریس پارٹی کسانوں کے حقوق کیلئے جدوجہد کرے گی اور کسانوں کو اس کے لئے تیار ہونا پڑے گا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں وعدہ کے مطابق 20 ہزار کروڑ کے قرض معافی کی ضرورت ہے اور 31 لاکھ کسان مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 9 برسوں میں کے سی آر نے کسانوں کے ساتھ دھوکہ دہی کی ہے۔ فصلوں کی امدادی قیمت کی فراہمی میں حکومت ناکام ہوگئی اورغیر موسمی بارش سے فصلوں کے نقصانات پر کوئی امداد نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کے پیش نظر دلت بندھو اسکیم کا اعلان کیا گیا۔ انہوں نے تلنگانہ کے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ بی آر ایس کو اقتدار سے بیدخل کریں اور کانگریس کی تائید کریں جو کسانوں کی حقیقی ہمدرد ہے۔ر