کے سی آر حکومت کے اسکامس کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کانگریس ترجمان جی نرجن کا بیان

   

حیدرآباد۔پردیش کانگریس کے ترجمان جی نرنجن نے ٹی آر ایس حکومت کے مختلف اسکامس کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے ای ایس آئی اسکام میں سابق وزیر داخلہ ایم نرسمہا ریڈی کے افراد خاندان اور ان کے دفتر کے افراد کے ٹھکانوں پر دھاوے کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر داخلہ کے رشتہ داروں اور عہدیداروں کا ملوث ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ کے سی آر حکومت میں مالیاتی بدعنوانیاں عروج پر ہیں اور حکومت میں شامل افراد ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ای آئی ایس آئی اسکام کے علاوہ ریاستی وزیر ملا ریڈی کی جانب سے رئیل اسٹیٹ تاجر کو کمیشن کی ادائیگی کیلئے دھمکی، کرناٹک میں ٹی آر ایس کے 4 ارکان اسمبلی کا ڈرگس پارٹی میں شرکت کرنا اور دیگر کئی اسکامس منظر عام پر آچکے ہیں۔ ریاستی وزراء، ارکان اسمبلی اور ٹی آر ایس قائدین دن دھاڑے عوام کو لوٹ رہے ہیں جبکہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو وزراء اور ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی میں اس لئے رکاوٹ ہے کیونکہ اسکام کے تار چیف منسٹر سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت کے تمام اسکامس کی عدالتی تحقیقات کی جانی چاہیئے تاکہ کے سی آر کے یہ دعوے غلط ثابت ہوسکیں کہ ان کی حکومت بدعنوانیوں اور بے قاعدگیوں سے پاک ہے۔