کے سی آر حکومت کے خلاف جدوجہد کیلئے محاذی تنظیمیں تیار رہیں

   

ریونت ریڈی کا مشورہ، تلنگانہ میں وسط مدتی انتخابات کی پیش قیاسی
حیدرآباد: صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے محاذی تنظیموں کو مشورہ دیا کہ وہ کے سی آر حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کیلئے تیار ہوجائیں۔ پارٹی کے سینئر نائب صدر سریش شیٹکر کی قیامگاہ پر آج کانگریس کی تمام محاذی تنظیموں کا اجلاس منعقد ہوا۔ مہیلا کانگریس ، یوتھ کانگریس ، این ایس یو آئی ، سیوا دل کے علاوہ ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی ، او بی سی اور اقلیت ڈپارٹمنٹس کے عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی۔ تمام نے ریونت ریڈی کو پردیش کانگریس کی صدارت پر فائز کئے جانے کے لئے مبارکباد پیش کی اور ہائی کمان سے اظہار تشکر کیا ۔ قائدین نے ریونت ریڈی کو تہنیت پیش کی اور یقین دلایا کہ پارٹی کے استحکام کے لئے جو بھی قدم اٹھایا جائے گا ، اس میں محاذی تنظیمیں برابر شریک رہیں گی۔ اجلاس میں پارٹی کے ورکنگ پریسیڈینٹس اور نائب صدر کو بھی مدعو کیا گیا تھا ۔ ریونت ریڈی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے سی آر حکومت سے عوام سخت ناراض ہیں اور حکومت کی ناکامیوں کو بے نقاب کرتے ہوئے آئندہ اسمبلی انتخابات میں تلنگانہ عوام کو کے سی آر حکومت سے نجات دلانا ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر کارکن کو ابھی سے انتخابات کیلئے تیار رہنا ہوگا کیونکہ عوام کی بڑھتی ناراضگی کے پیش نظر کے سی آر کسی بھی وقت وسط مدتی انتخابات کا اعلان کرسکتے ہیں۔ ریونت ریڈی نے بتایا کہ وہ 7 جولائی کو صدارت کی ذمہ داری سنبھالیں گے ، اس کے بعد لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا ۔ پارٹی کے تمام سینئر قائدین اور عہدیداروں سے مشاورت کے بعد کے سی آر حکومت کے خلاف ایکشن پلان تیار کیا جائے گا ۔ ریونت ریڈی نے آج صبح سابق ریاستی وزیر ناگم جناردھن ریڈی سے ان کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی ۔ ریونت ریڈی پارٹی کے سینئر قائدین سے ملاقاتیں کرتے ہوئے اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔