مخالف حکومت جہد کاروں کو مقدمات کے ذریعہ ہراسانی
حیدرآباد۔2 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) بی جے پی کے رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر نے کہا کہ تلنگانہ عوام کے سی آر حکومت کے خلاف جدوجہد کیلئے تیاری کر رہے ہیں۔ تلنگانہ میں ایک اور سیاسی جدوجہد کے ذریعہ ٹی آر ایس حکومت کو بیدخل کیا جائے گا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راجندر نے الزام عائد کیا کہ حکومت نے تحریکات اور جہد کاروں کے خلاف کارروائیوں کے ذریعہ حکومت کے خلاف اٹھنے والی آوازوں کو دبانے کی منصوبہ بندی کی ہے ۔ عوامی تحریکات کو طاقت کے ذریعہ کچلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جو کوئی بھی حکومت کے خلاف آواز اٹھائے اسے فرضی مقدمات کے ذریعہ ہراساں کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کے آمرانہ رویہ کے خلاف تلنگانہ عوام ایک اور سیاسی جدوجہد کی تیاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہیدان تلنگانہ نے نئی ریاست میں عوام کی بھلائی کا جو خواب دیکھا تھا اس کی تکمیل کیلئے عوام کو آگے آنا چاہئے ۔ کے سی آر حکومت نے شہیدان تلنگانہ کی توہین کی ہے ۔ ان کے خاندانوں کو نظر انداز کردیا گیا ۔ راجندر نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران عوام کو جو خواب دکھائے گئے تھے ، ان سے انحراف کرلیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا کرتے ہوئے سیاسی مخالفین کے خلاف سازش کی جارہی ہے ۔ عوام حکومت کی کارکردگی کا گہرائی سے جائزہ لے رہے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب عوام کی جانب سے ایک نئی سیاسی تحریک وجود میں آئے گی۔ ر