دلت بندھو کی طرح گریجن بندھو اسکیم کا مطالبہ، بنڈی سنجے اور راجندر کا خطاب
حیدرآباد۔/14 نومبر، ( سیاست نیوز) بی جے پی کے ریاستی صدر بنڈی سنجے نے کہا کہ تلنگانہ میں کے سی آر خاندان کی بدعنوانیوں کے خاتمہ کا وقت آچکا ہے۔ حضورآباد کے رائے دہندوں نے اپنے فیصلہ کے ذریعہ کے سی آر اور ان کی حکومت کے خلاف ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ بنڈی سنجے نے حیدرآباد کے نمائش میدان پر منعقدہ بنجارہ اُتسو تقاریب میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی برسراقتدار آنے پر ہر تانڈے میں سیوا لال کی مندر تعمیر کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گریجنوں کیلئے تحفظات کے حق میں جدوجہد کرنے والے رویندر نائیک کی کے سی آر نے توہین کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گریجنوں کو ہراساں کرنے والے کے سی آر خاندان کو تلنگانہ سے باہر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگلاتی اراضیات کا حق قبائیلیوں کو دلانے کیلئے صرف بی جے پی جدوجہد کررہی ہے۔ کمرم بھیم اور دیگر قبائیلی قائدین نے جو قربانیاں دی ہیں وہ رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قبائیلیوں کی ترقی میں سنجیدہ ہے۔ حضورآباد کے نو منتخب رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر نے دلت بندھو کی طرح گریجن بندھو اسکیم پر عمل آوری کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں کامیابی کیلئے دلت بندھو کا اعلان کیا گیا۔ چیف منسٹر نے 4 نومبر سے دلت بندھو پر عمل آوری کا اعلان کیا تھا لیکن آج تک اس سلسلہ میں کوئی پیشرفت نہیں کی گئی۔ انہوں نے چیف منسٹر سے سوال کیا کہ گریجن طبقات کیلئے تحفظات میں اضافہ سے متعلق وعدہ پر عمل آخر کب ہوگا۔ر
ایس ایس سی ؍ انٹر میں داخلے کی آج آخری تاریخ
حیدرآباد۔ 14 نومبر (راست) تلنگانہ اوپن اسکول کے ایس ایس سی؍ انٹر میں داخلے کے لئے 15 نومبر قطعی آخرتی تاریخ مقرر ہے۔ ایس ایس سی میں داخلے کے لئے عمر 14 سال یا زائد اور جبکہ انٹرمیڈیٹ ایک سال کورس کے لئے ایس ایس سی کامیاب ہونا ضروری ہے۔ داخلے کی معلومات و رہنمائی کے لئے محبوب حسین جگر ہال احاطہ سیاست روبرو رام کرشنا تھیٹر عابدس پر اسناد کے زیراکس کے ساتھ رجوع ہوں۔