حیدرآباد۔/5ڈسمبر، ( سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ جنا سمیتی پروفیسر کودنڈا رام نے الزام عائد کیا کہ ریاستی حکومت نے کمیشن کیلئے رائس ملرس سے معاہدہ کرلیا ہے جس کے نتیجہ میں کسانوں کی دھان خریدی سے انکار کیا جارہا ہے۔ کودنڈا رام نے ہنمکنڈہ ضلع کا دورہ کرتے ہوئے کسان تنظیموں سے ملاقات کی اور انہیں تعاون کا یقین دلایا۔ کودنڈا رام نے کہاکہ دھان کی خریدی کے سلسلہ میں مرکز اور ریاستی حکومتوں کا رویہ افسوسناک ہے۔ ایک دوسرے پر الزام تراشی کے ذریعہ کسانوں کی زندگی سے کھلواڑ کیا جارہا ہے۔ کودنڈا رام نے کہاکہ کے سی آر اور ان کے افراد خاندان کے اثاثہ جات میں اضافہ کے سوا گزشتہ سات برس میں تلنگانہ عوام کا کچھ بھی بھلا نہیں ہوا۔ تلنگانہ تحریک کے دوران کئے گئے وعدوں سے انحراف کرلیا گیا۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں کوئی بھی شعبہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہے۔ کودنڈا رام نے سنگارینی کالریز ملازمین کی جانب سے احتجاج کی تائید کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ 7 اور 9 ڈسمبر کو منعقد ہونے والے احتجاجی پروگراموں میں شریک ہوں گے۔ انہوں نے عوام سے بڑی تعداد میں شرکت کی اپیل کی۔ ر