کے ومشی دھر راؤ مہاراشٹرا کے انچارج مقرر، میدک میں ٹکراؤ ٹل گیا،خاندان کے6 ارکان پارٹی میں اہم عہدوں پر
حیدرآباد۔/30 جولائی، ( سیاست نیوز) علحدہ تلنگانہ تحریک کیلئے 2001 میں تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے قیام کے بعد سے آج تک کے سی آر اور ان کے خاندان کے 5 ارکان سیاست میں سرگرم رہے۔ اب جبکہ اسمبلی انتخابات قریب ہیں خاندان کے دیگر ارکان کی بھی عملی سیاست میں دلچسپی بننے لگی ہے۔ متحدہ میدک ضلع میں کے سی آر خاندان کے درمیان امکانی مسابقت روکنے کیلئے چیف منسٹر نے اپنے ایک بھتیجہ کو مہاراشٹرا میں بی آر ایس کا انچارج مقرر کیا ہے جس کے نتیجہ میں کے سی آر خاندان کے سرگرم ارکان کی تعداد بڑھ کر 6 ہوگئی۔ کے سی آر خاندان کے ایک اہم رکن کے سرگرم سیاست میں داخل ہونے سے پارٹی میں مختلف قیاس آرائیاں گشت کررہی تھیں۔ کے سی آر کے بھتیجہ کلوا کنٹلہ ومشی دھر راؤ نے سدی پیٹ اور دیگر علاقوں میں اپنی سرگرمیوں کو تیز کردیا تھا۔ مختلف فلاحی کاموں کے ذریعہ وہ عوام کے درمیان دکھائی دے رہے تھے۔ ومشی دھر راؤ کو سدی پیٹ میں وزیر فینانس ہریش راؤ کے حریف کے طور پر دیکھا جارہا تھا۔ ضلع میں خاندانی ٹکراؤ کو روکنے کیلئے کے سی آر نے اپنے بڑے بھائی رنگاراؤ کے بڑے فرزند کے ومشی دھر راؤ کو مہاراشٹرا میں بی آر ایس کا انچارج مقرر کیا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر کے ایک بھائی اور 9 بہنیں ہیں۔ بڑے بھائی رنگاراؤ کے بڑے فرزند کے ومشی دھر راؤ زیادہ تر وقت پرگتی بھون میں گذاررہے ہیں۔ 2009 میں پرجا راجیم پارٹی کے ذریعہ ومشی دھر راؤ عملی سیاست میں داخل ہوئے۔ وہ میگا اسٹار چرنجیوی کے مداحوں میں شامل ہیں۔ پرجا راجیم سے اسمبلی کا ٹکٹ نہ ملنے کے بعد وہ سرگرم سیاست سے دور ہوگئے تھے تاہم حالیہ عرصہ میں اپنے چچا کے سی آر سے قریب ہوگئے۔ انہوں نے اپنے والد رنگاراؤ کے نام سے فاؤنڈیشن قائم کیا جس کے ذریعہ سدی پیٹ میں سماجی خدمات کا آغاز کیا گیا۔ سدی پیٹ اسمبلی حلقہ سے ہریش راؤ کی جگہ ومشی دھر راؤ کو ٹکٹ دینے کی اطلاعات گشت کرنے لگیں اور ہریش راؤ کا نام گجویل اسمبلی حلقہ کیلئے لیا جانے لگا۔ خاندان میں امکانی ٹکراؤ کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر نے ومشی دھر راؤ کو مہاراشٹرا میں پارٹی کا انچارج مقرر کیا اور احکامات حوالے کئے۔ ومشی دھر راؤ کی ایک بہن اور ایک بھائی بھی ہیں لیکن انہیں سیاست سے کوئی دلچسپی نہیں جبکہ بڑی بہن رمیا فی الوقت کانگریس پارٹی میں ہیں اور کے سی آر کو تنقید کا نشانہ بناتی ہیں۔ واضح رہے کہ عملی سیاست میں کے سی آر
خاندان کے 5 ارکان میں فرزند کے ٹی آر، دختر کویتا، بھانجہ ہریش راؤ ، دوسرے بھانجہ جے سنتوش کمار رکن راجیہ سبھا اور قریبی رشتہ دار بی ونود کمار نائب صدر نشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ شامل ہیں۔