کے سی آر دلت کو چیف منسٹر بنانے کا وعدہ کرکے مکر گئے تھے

   

اسمبلی میں کانگریس اور ٹی آر ایس کے درمیان تیکھی جھڑپ، ہریش راؤ کے بیان پر وزیر کومٹ ریڈی کا جواب
حیدرآباد۔ 27 جولائی (سیاست نیوز) اسمبلی کے بجٹ سیشن میں گرماگرم مباحث جاری ہے۔ وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور سابق وزیر ٹی ہریش راؤ کے درمیان تیکھی لفظی جھڑپ ہوگئی۔ دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف سخت ریمارکس کئے۔ ہریش راؤ نے کومٹ ریڈی کو ’’ہاف نالج‘‘ قرار دیا، جس پر کومٹ ریڈی نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہریش راؤ کو نالج ہی نہیں ہے۔ وزیر نے کہا کہ ہریش راؤ اور بی آر ایس کے دوسرے قائدین جھوٹ کا سہارا لیتے ہوئے ایوان اسمبلی اور ریاست کے عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست میں برقی بحران پیدا ہوگیا ہے۔ عوام بالخصوص کسان پریشان ہیں۔ کانگریس پارٹی نے عوام سے 6 ضمانتوں کا وعدہ کیا ہے مگر بجٹ میں ان ضمانتوں پر عمل آوری کیلئے مناسب فنڈز مختص نہیں کئے گئے۔ کومٹ ریڈی وینکٹ نے پیسے دیکر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی صدارت حاصل کرنے کا ریونت ریڈی پر الزام عائد کیا تھا۔ انہوں نے بجٹ تقریر کو سیاسی تقریر قرار دیا جس پر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے سخت اعتراض کرتے ہوئے استفسار کیا کہ کانگریس حکومت کو چیر کر ٹکڑے کردینے کا انتباہ دینے والے کے سی آر اسمبلی کو کیوں نہیں پہنچے۔وزیر نے کہا کہ کے سی آر نے تلنگانہ کا پہلا چیف منسٹر دلت کو بنانے کا وعدہ کیا تھا مگر خود چیف منسٹر بن گئے۔ اسمبلی کو کے سی آر آنے کے بجائے ہریش راؤ کو بھیجا ہے۔ مرکزی بجٹ میں کے سی آر نے کوئی ردعمل کا اظہار نہیں کیا۔ بی آر ایس کے دورحکومت میں 24 گھنٹے برقی کہاں دی گئی ہریش راؤ اس کی وضاحت کریں۔ کومٹ ریڈی اور ہریش راؤ نے ایک دوسرے سے مطالبہ کیا کہ وہ معذرت خواہی کریں۔2