کے سی آر دو ہفتے بعد پہلی مرتبہ عوام کے درمیان

   

وائرل فیور سے مکمل صحت یاب، نظام آباد کے بالکنڈہ پہنچ کر ریاستی وزیر پرشانت ریڈی کو پرسہدیا
حیدرآباد ۔13۔اکتوبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ وائرل انفیکشن اور پھیپھڑوں میں بیکٹریا انفیکشن سے مسلسل دو ہفتوں کے علاج کے بعد صحت یاب ہوچکے ہیں۔ چیف منسٹر نے علالت کے سبب عوامی نمائندوں ، عہدیداروں اور پارٹی قائدین سے ملاقات ترک کردی تھی۔ پرگتی بھون میں سیاسی اور سرکاری سرگرمیوں سے بھی وہ دور تھے۔ چیف منسٹر کے شخصی معالجین کی ٹیم نے مسلسل صحت پر نگرانی رکھتے ہوئے علاج جاری رکھا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ابتداء میں چیف منسٹر وائرل فیور سے متاثر ہوئے اور بعد میں پھیپھڑوں میں انفیکشن کا پتہ چلا۔ دو ہفتوں سے زائد تک سرگرمیوں سے دور رہنے کے بعد کے سی آر کل شام پہلی مرتبہ وزراء کو ملاقات کیلئے دستیاب رہے۔ وزیر اکسائز سرینواس گوڑ نے کل شام چیف منسٹر سے پرگتی بھون میں ملاقات کی جس کے بعد ملاقات کی تصویر چیف منسٹر آفس سے میڈیا کو جاری کی گئی ۔ دو ہفتوں سے زائد عرصہ کے بعد چیف منسٹر کی یہ پہلی تصویر تھی۔ کے سی آر آج پرگتی بھون سے نظام آباد کے بالکنڈہ روانہ ہوئے جہاں انہوں نے وزیر عمارات و شوارع وی پرشانت ریڈی کی قیامگاہ پہنچ کر انہیں پرسہ دیا ۔ پرشانت ریڈی کی والدہ منجولما کا کل دیہانت ہوا تھا۔ چیف منسٹر نے افراد خاندان سے ملاقات کی اور پرسہ دیا۔ اس موقع پر اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی ، رکن کونسل کویتا ، ریاستی وزراء اندرا کرن ریڈی ، سرینواس گوڑ اور بی آر ایس کے عوامی نمائندے موجود تھے۔ چیف منسٹر کے قریبی ذرائع کے مطابق کے سی آر مکمل طور پر صحت یاب ہوچکے ہیں اور 15 اکتوبر کو پارٹی کے انتخابی منشور کی اجرائی کے بعد انتخابی مہم میں مشغول ہوجائیں گے۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر کی شریک حیات شریمتی شوبھا نے اپنے شوہر کی صحت کیلئے تروملا تروپتی مندر پہنچ کر خصوصی پوجا کی اور اپنا سر منڈھوایا۔