حیدرآباد۔/5 فبروری، ( این ایس ایس ) بی جے پی کے ریاستی صدر ڈاکٹر کے لکشمن نے سمکا سارالما جاترا میں شامل لاکھوں یاتریوں کو مفت علاج کی فراہمی کے مقصد سے ایمبولنس گاڑیوں کو پرچم دکھاکر روانہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے بھکتوں کے علاج کیلئے 25 رکنی میڈیکل ٹیم بھی روانہ کی گئی ہے۔ چار روزہ تہوار قبائیلی تہذیب و روایات کی جھلک پیش کرتا ہے جو کمبھ میلہ کے بعد ملک کا سب سے بڑا مذہبی میلہ سمجھا جاتا ہے۔ ڈاکٹر لکشمن نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت ایشیاء کے سب سے بڑے مذہبی میلہ میں بھکتوں کو بنیادی طبی سہولتیں فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے۔ بی جے پی لیڈر نے یاد دلایا کہ چیف منسٹر نے عوام کو کمبھ میلہ کی طرز پر تمام طبی سہولتیں فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن وہ بنیادی سہولتیں فراہم کرنے میں بھی ناکام ہوگئے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نہ صرف ریاست کے عوام کو دھوکہ دیا کرتے ہیں بلکہ اپنے جھوٹوں کے وعدوں کے ذریعہ دیوی دیوتاؤں کو بھی دھوکہ دیتے ہیں۔