مواضعات کی ترقی صرف کانگریس سے ہی ممکن ، ظہیرآباد میں ڈاکٹر اے چندر شیکھر کا خطاب
ظہیر آباد 18/ اکتوبر( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی ظہیرآباد کے کانگریس امیدوار ڈاکٹر اے چندر شیکھر نے ’’ آرہے ہیں ۔ آپ کیلئے ‘‘ پروگرام کے تحت آج جھرہ سنگم منڈل کے مواضعات چیلے مامڑی ، جیرلاپلی ، جونے گاوں ، اسلام پور ، ایڈاکولاپلی ، چیلکاپلی ، گنیار پلی، اڈولا پلی ، دیورم پلی کا دورہ کیا اور ان مواضعات میں منعقدہ عوامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تعلیمیافتہ بے روزگاروں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کرنے پر کے سی آر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے اقتدار میں آنے کے اندرون ایک سال میں 2 لاکھ نوکریاں دی جائیں گی اور یہ کہ حلقہ اسمبلی ظہیرآباد ان کی جنم بھومی ہے ۔اس علاقے کے سپوت ہونے کے ناطے اگر انہیں منتخب کیا گیا تو وہ ظہیر آباد حلقہ کو بے مثال ترقی سے ہمکنار کردیں گے ۔ انہوں نے موضع چیلے مامڑی کی خواتین سے بات چیت کرتے ہوئے ان کے مسائل سے واقفیت حاصل کی ۔انہوں نے کوہیر چوراستہ سے جیرلاپلی تک سڑک تعمیر کرنے کا وعدہ کیا نیز ہر گاؤں کیلئے پختہ سڑکیں تعمیر کرتے ہوئے آر ٹی سی بسوں کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس اگر پھر سے اقتدار میںآئے گی تو کے سی آر کا خاندان ریاست کو بازار میں نیلام کرد ے گا۔ اس ضمن میں عوام کو چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مواضعات کی ترقی صرف کانگریس سے ہی ممکن ہے ۔انہوں نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو پارٹی کا کھنڈوا پہناکر شامل کرلیا اور انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کانگریس پارٹی کو سیاسی طور پرمستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ اس موقع پر پارلیمانی حلقہ کے انچارج اجول ریڈی ، منڈل صدر ہنمنت راؤ پاٹل ، صدر جھرہ سنگم منڈل پریشد کے دیوداس ، نائب صدر ملنا پاٹل ، زیڈ پی ٹی سی ، ایم پی ٹی سیز ، سرپنچس ، یوتھ کانگریس قائدین ، این ایس یو آئی قائدین اور پارٹی کارکنان کے بشمول دیہی عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔