وزیر داخلہ کا تاثر، حضورآباد کے ٹی آر ایس مسلم قائدین کی محمد محمود علی سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 31 جولائی (سیاست نیوز) ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ اقلیتوں کی تائید سے مجوزہ حضورآباد کے ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ حضورآباد کے ٹی آر ایس مسلم قائدین کے ایک وفد نے محمد سلیم کی قیادت میں حیدرآباد پہنچ کر وزیر داخلہ محمد محمود علی سے ملاقات کی اور اپنے مسائل سے انھیں واقف کروایا اور ان کے حل کرانے کی اپیل کی۔ وفد نے ایک یادداشت بھی پیش کی۔ جس پر مثبت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے محمد محمود علی نے کہا کہ وہ اس مسئلہ کو چیف منسٹر سے رجوع کرتے ہوئے فوری حل کرانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔ وہ بہت جلد اسمبلی حلقہ حضور آباد کا دورہ کرتے ہوئے اقلیتوں سے ملاقات کریں گے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں مختصر عرصہ میں ریاست تلنگانہ نے مثالی ترقی کی ہے۔ سماج کے تمام طبقات کے لئے فلاحی اسکیمات متعارف کرائے گئے جس کی کسی بھی ریاست میں مثال نہیں ملتی۔ غریب مسلم لڑکیوں کی شادیوں کے لئے شادی مبارک اسکیم متعارف کرائی گئی۔ اس اسکیم سے ہزاروں مسلم لڑکیوں کی شادیاں انجام دی گئی ہیں۔ یہی نہیں مسلمانوں کی تعلیمی، معاشی اور سماجی پسماندگی کا جائزہ لینے کے بعد مسلمانوں کی تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے کے لئے اقلیتی اقامتی اسکولس کا جال بچھا دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی غریب مسلم طلبہ کو بیرونی ممالک میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کرنے کے لئے چیف منسٹر اوورسیز اسکیم سے فائدہ پہنچایا جارہا ہے۔ اہل طلبہ کو ناقابل واپسی 20 لاکھ روپے تک امداد فراہم کی جارہی ہے۔ فرقہ پرست بی جے پی کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلائی جارہی ہے۔ مگر چیف منسٹر ایک سیکولر قائد اور فرقہ پرستوں کے خلاف آہنی دیوار ہیں۔
