کے سی آر سے آر ٹی سی ملازمین کے مسائل حل کرنے کا مطالبہ

   

20 ملازمین کی موت افسوسناک، غلام نبی آزاد کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 5 ۔ نومبر (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر لیڈر غلام نبی آزاد نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے اپیل کی کہ وہ آر ٹی سی ملازمین سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کریں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے غلام نبی آزاد نے کہا کہ 50 ہزار آر ٹی سی ملازمین گزشتہ 31 دن سے اپنے مطالبات کی تائید میں ہڑتال کر رہے ہیں۔ ابھی تک 20 آر ٹی سی ملازمین کی موت واقع ہوچکی ہے ۔ ہڑتال کے سبب نہ صرف عوام بلکہ آر ٹی سی ملازمین کے ہزاروں خاندان پر یشان ہیں۔ کے سی آر نے انتخابات کے موقع پر آر ٹی سی ملازمین سے کئی وعدے کئے تھے جن میں آر ٹی سی کو حکومت میں ضم کرنے کا وعدہ شامل تھا ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی چیف منسٹر کے لئے یہ زیب نہیں نہیں دیتا کہ وہ وعدہ خلافی کریں۔ انتخابات میں کئے گئے وعدوں کی تکمیل حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہزاروں خاندانوں کی دشواریوں کو دیکھتے ہوئے چیف منسٹر کو چاہئے کہ فوری مسائل کی یکسوئی کا اعلان کریں۔ حکومت کے رویہ کو غیر انسانی قرار دیتے ہوئے غلام نبی آزاد نے کہا کہ مزید ہلاکتوں اور ملازمین کے خاندانوں کی مشکلات سے قبل حکومت کو کارروائی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے خاتون تحصیلدار وجیہ ریڈی کے قتل کی مذمت کی اور کہا کہ خاتون عہدیدار کے ساتھ اس طرح کا سلوک قابل مذمت ہے۔ حکومت کو خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے سرکاری عہدیداروں کو مناسب تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی ۔