کے سی آر سے ملاقات اہمیت کی حامل ‘ قومی سیاست پر گفتگو

,

   

بی جے پی کے اقتدار کا خاتمہ ہوجائیگا ۔ انتخابات کے بعد علاقائی جماعتوں کا اہم رول ۔ چیف منسٹر کیرالا پی وجئین

حیدرآباد۔7مئی (پی ٹی آئی ) چیف منسٹر کیرالا مسٹر پی وجئین نے ‘ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راو سے اپنی کل ہوئی ملاقات کو انتہائی اہمیت کی حامل قرار دیا ہے اور کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے بعد مرکز میں حکومت کی تشکیل میں علاقائی جماعتوں کا اہم ترین رول ہوگا ۔ دونوں قائدین نے کل تقریبا دو گھنٹوں تک ملاقات کی تھی ۔ ان کی بند کمرے میں بات چیت ہوئی تھی ۔ یہ بات چیت ایسے وقت میں ہوئی ہے جبکہ ملک میں سات مراحل کے انتخابات میں دو مراحل کی رائے دہی باقی رہ گئی ہے ۔ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے سربراہ چندر شیکھر راو نے ملک میں غیر کانگریس ۔ غیر بی جے پی محاذ کا نظریہ پیش کیا ہے ۔ انہوں نے وجئین سے کل ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی تھی اور ملک کے موجودہ سیاسی منظرنامہ پر تبادلہ خیال کیا تھا ۔ وجئین نے کہا کہ یہ بہت اہمیت کی حامل ملاقات کی ہے اور ہم نے اس ملاقات میں قومی سیاسی منظر نامہ پر بات چیت کی ہے ۔ وجئین نے کہا کہ ان کے خیال میں انتخابات کے بعد بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے کو یا پھر کانگریس زیر قیادت یو پی اے کو اقتدار حاصل نہیں ہوگا ایسے میں علاقائی جماعتوں کو اہم رول ادا کرنا ہوگا ۔ وجئین نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی جماعتیں ریاستوں کے حقوق کا تحفظ کرنے کیلئے سرگرم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں ریاستوں کو مرکز کی جانب سے نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔

ان کو اہمیت نہیں دی جا رہی ہے ۔ ایسی کئی مثالیں ہیں جہاں ملک کے وفاقی نظام کی اہمیت کو گھٹایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی نظام کی بہر صورت پابندی کی جانی چاہئے ۔ ہمیں چاہئے کہ مرکز کو ایسے فیصلے کرنے سے روکیں جن سے ریاستیںمتاثر ہوتی ہوں اور ریاستوں کے مفادات ٹکراتے ہوں۔ چیف منسٹر نے تاہم کہا کہ انہوں نے کے سی آر کے ساتھ بات چیت میں وزارت عظمی امیدوار کے تعلق سے کوئی بات چیت نہیں کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کے جب نتائج کا اعلان ہوگا تو بی جے پی مرکز میں اقتدار سے بیدخل ہوجائیگی اور آئندہ حکومت جو قائم ہوگی وہ ملک کے سکیولر ازم اور وفاقی نظام کی پابندی کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ مرکز میں بی جے پی اقتدار سے محروم ہوجائیگی ۔ مستقبل میں ایک ایسی حکومت قائم ہوگی جو سکیولر ازم کا نہ صرف خیال رکھے گی بلکہ اس کا تحفظ بھی کریگی اور ملک کے وفاقی نظام حکومت کی حفاظت بھی کی جائے گی ۔ مسٹر پی وجئین نے کہا کہ اس سمت میں پیشرفت ہو رہی ہے ۔ کے سی آر نے کیرالا کا دو روزہ دورہ کیا ۔ ان کے ہمراہ ان کی شریک حیات اور ان کے پوتے اور نواسے وغیرہ بھی تھے ۔ کل کے سی آر اور پی وجئین سے ہوئی ملاقات کے موقع پر ارکان پارلیمنٹ سنتوش کمار اور ونود کمار بھی موجود تھے ۔ کے سی آر کیرالا میں اپنے قیام کے دوران کووالم میں قیام کر رہے ہیں اور وہ 8 مئی کو ٹاملناڈو میں کنیا کماری کا دورہ بھی کرنے والے ہیں۔