جے پی نڈا اور ریونت ریڈی پر تنقید ، اپل میں اسکائی واک ٹاور کی افتتاحی تقریب سے خطاب
حیدرآباد ۔26۔ جون (سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے اپل چوراہے پر ٹریفک کے بہاؤ کو آسان بنانے کیلئے تعمیر کردہ اسکائی واک ٹاور کا افتتاح کیا ۔ ایچ ایم ڈی اے نے 36.50 کروڑ کے سرمایہ سے اسکائی واک ٹاور تعمیر کیا ہے۔ اسکائی واک ٹاور سے عوام کو سڑک عبور کرنے کی دشواریوں سے نجات مل جائے گی ۔ راہگیروں کی سہولت کیلئے 8 مقامات پر لفٹ ، 4 اسکلیٹرس اور 6 مقامات پر سیڑھیاں تعمیر کی گئی ہیں۔ ناگول ، رامنتا پور ، جی ایچ ایم سی تھیم پارک ، جی ایچ ایم سی آفس ، اپل پولیس اسٹیشن اور اپل الیکٹریکل سب اسٹیشن کے قریب انٹری اور اگزٹ پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں۔ تقریب میں ریاستی وزیر لیبر ملا ریڈی ، رکن اسمبلی بی سبھاش ریڈی ، سابق میئر بی رام موہن اور کارپوریٹرس نے شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کل ناگر کرنول کے جلسہ عام میں نڈا کی تقریر پر تنقید کی۔ بی آر ایس اور چیف منسٹر کے سی آر پر کی گئی تنقیدوں کا حوالہ دیتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ جے پی نڈا نے جلسہ عام میں غیر ذمہ دارانہ بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلیان لکشمی ، شادی مبارک ، ڈبل بیڈروم مکانات جیسی اسکیمات پر عمل کرنے کیلئے کیا کے سی آر کو جیل بھیجا جائے گا ؟ کے ٹی آر نے کہا کہ اظہار خیال کی بھی ایک حد ہونی چاہئے ۔ گزشتہ 23 برسوں میں کے سی آر سے ٹکرانے والا کوئی بھی کامیاب نہیں ہوا۔ گزشتہ کانگریس دور حکومت میں ریاست میں برقی بحران تھا لیکن تلنگانہ میں 24 گھنٹے بلا وقفہ برقی سربراہ کی جارہی ہے ۔ موسم گرما میں بلا وقفہ برقی سربراہ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ موسم گرما میں پانی کی سربراہی میں کوئی خلل نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اسکائی واک ٹاور کی تعمیر سے نارا پلی تا اپل ٹریفک مسائل کی یکسوئی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے عدم تعاون کے رویہ کے نتیجہ میں گزشتہ 4 برسوں میں قومی شاہراہوں کی تعمیر کا کام مکمل نہیں ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں پر کانگریس قائدین مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران جن نوجوانوں نے اپنی جانوں کی قربانی دی ، اس کے لئے سونیا گاندھی ذمہ دار ہیں۔ بدعنوانیوں کے بارے میں صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کو اظہا خیال کا آخلاقی حق حاصل نہیں ہے۔ بدعنوانیوں پر ریونت ریڈی کے بیانات مضحکہ خیز ہیں۔ 50 لاکھ کی کرنسی کے ساتھ پکڑے جانے والے ریونت ریڈی یہ بھول گئے ہیں کہ کرپشن کے معاملہ میں جیل جاچکے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ گزشتہ 9 برسوں میں حیدرآباد کی ترقی اور غریبوں کی بھلائی کیلئے کے سی آر حکومت کے اقدامات کی مثال پیش نہیں کی جاسکتی ۔ر