حیدرآباد ۔ 27 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ بی جے پی کے صدر بنڈی سنجے نے کے سی آر کو طالبانی چیف منسٹر قرار دیا اور 20 ہزار روپئے میں ایک ووٹ خریدنے کا ٹی آر ایس پر الزام عائد کیا ۔ حضور آباد میں انتخابی مہم ختم ہونے سے قبل مختلف علاقوں میں بی جے پی کی مہم چلاتے ہوئے بنڈی سنجے نے چیف منسٹر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ تلنگانہ میں کے سی آر طالبانی فرمان جاری کررہے ہیں ۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے کسانوں کو دھان کی کاشت نہ کرنے کی ہدایت دینے کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ کسان اپنی من پسند کی کاشت کریں ۔ مرکزی حکومت اس کو خریدے گی ۔ انہوں نے کہا کہ تمام سروے بی جے پی کے حق میں ہے ۔ بی جے پی کا امیدوار ایٹالہ راجندر بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگا ۔ بی جے پی کی لہر سے حکمران ٹی آر ایس خوف زدہ ہے اور اپنی شکست کو کامیابی میں تبدیل کرنے کے لیے ایک ووٹ 20 ہزار روپئے میں خرید رہی ہے ۔ بی جے پی حضور آباد میں عوام پر بھروسہ کررہی ہے جب کہ ٹی آر ایس نوٹوں پر بھروسہ کررہی ہے ۔۔ ن
