کے سی آر عبادتگاہوں کے انہدام سے واقف تھے

,

   

چیف منسٹر کی وضاحت ناقابل قبول، اتم کمار ریڈی کا بیان
حیدرآباد: صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے سکریٹریٹ احاطہ میں عبادتگاہوں کے انہدام کی مذمت کی اور کہا کہ چیف منسٹر کے بیان سے عوام کے مذہبی جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کا بیان تضادات پر مبنی ہے۔ افسوس کی بات ہے کہ سکریٹریٹ کے احاطہ میں موجود عبادت گاہوں کو نئی عمارتوں کی تعمیر کے بہانے منہدم کردیا گیا ۔ تمام سرکاری ملازمین عبادت گاہوں کا احترام کرتے رہے ۔ انہوں نے کہا کہ عبادتگاہوں کا انہدام کے سی آر کے تغلق طرز حکمرانی کو ظاہر کرتا ہے ۔ انہوں نے عمارتوں کے ملبہ سے عبادت گاہوں کو نقصان سے متعلق چیف منسٹر کے دعوے کو مسترد کردیا اور کہا کہ منصوبہ بند طریقہ سے کی گئی اس پر عوامی ناراضگی کم کرنے چیف منسٹر گمراہ کن بیانات کا سہارا لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی مسجد اور مندر کی تعمیر کا اعلان خود اس بات کا ثبوت ہے کہ دونوں عبادت گاہیں مکمل منہدم کردی گئیں۔ چیف منسٹر نے اسی مقام پر عبادت گاہوں کی تعمیر کا کوئی وعدہ نہیں کیا۔ اتم کمار ریڈی نے کے سی آر پر عوام کے مذہبی جذبات سے کھلواڑ کا الزام عائد کیا ۔