کے سی آر عنقریب خلیجی ممالک کا دورہ کریں گے

   

تلنگانہ کے افراد کو وطن واپس ہونے کی ترغیب، روزگار کے مواقع کا تیقن
حیدرآباد۔/12 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹرکے چندر شیکھر راؤ عنقریب خلیجی ممالک کا دورہ کریں گے تاکہ وہاں برسرروزگار تلنگانہ کے شہریوں کے مسائل کا جائزہ لے سکیں۔ وہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کریں گے کہ وہ ریاست کو واپس آجائیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے افراد نے اپنے خاندانوں کی کفالت کیلئے خلیجی ممالک کا رُخ کیا تھا لیکن وہ کئی مسائل کا شکار ہیں جبکہ انہیں اپنے مقام پر واپسی کی صورت میں کئی مواقع حاصل ہیں۔ متحدہ کریم نگر اور نظام آباد کے علاوہ دیگر اضلاع سے خلیج کو نقل مقام کرنے والے افراد کو وطن واپس ہونا چاہیئے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ خلیج میں یہ لوگ سخت محنت سے متعلق ملازمتیں کررہے ہیں اور انہیں معمولی تنخواہیں حاصل ہورہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی صورتحال سابق کی طرح نہیں رہی اور اب روزگار کے کئی مواقع موجود ہیں۔ کئی کنسٹرکشن پراجکٹس حیدرآباد میں شروع ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں ورک فورس کی کمی کے باعث ملک کے دیگر علاقوں سے ورکرس کو منتقل کیا جارہا ہے۔ تلنگانہ کے عوام ملازمت کیلئے بیرون ملک چلے گئے جبکہ دیگر ریاستوں کے لوگ کام کی تلاش میں تلنگانہ پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں تبدیلی ہونی چاہیئے۔ حکومت چاہتی ہے کہ خلیج میں کام کرنے والے تلنگانہ کے افراد وطن واپس ہوں ہم انہیں نیشنل اکیڈیمی آف کنسٹرکشن میں ٹریننگ فراہم کریں گے۔ حکومت نے انفراسٹرکچر سیکٹر میں روزگار فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بلڈرس اور رئیل اسٹیل تاجروں سے مشاورت کے بعد روزگار فراہم کیا جائے گا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ میں شخصی طور پر خلیجی ممالک کو جارہا ہوں تاکہ تلنگانہ کے ملازمین کو یہ بات سمجھا جاسکوں۔ حکومت کے چیف اڈوائزر راجیو شرما، چیف سکریٹری ایس کے جوشی، چیف منسٹر آفس کے پرنسپل سکریٹری ایس نرسنگ راؤ اور جے اے ڈی کے پرنسپل سکریٹری آدھر سنہا پر مشتمل ایک وفد کیرالا کا دورہ کرے گا اور حکومت کی این آر آئی پالیسی کا جائزہ لے گا۔ چیف منسٹر ایسے اسمبلی حلقہ جات کے ارکان اسمبلی کے ساتھ اجلاس منعقد کریں گے جہاں سے بڑی تعداد میں لوگ خلیجی ممالک میں ملازمت کیلئے گئے ہیں۔