پارٹی قومی عاملہ کا اجلاس جولائی میں حیدرآباد میں منعقد ہوگا ۔ وزیر اعظم مودی تین دن شہر میں قیام کرینگے
حیدرآباد۔31۔مئی (سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی جولائی کے تیسرے ہفتہ میں تین دن تک حیدرآباد میں قیام کریں گے!وزیر اعظم ہی نہیں بلکہ بی جے پی کے 18 چیف منسٹر س بھی اس دوران شہر میں ہوں گے۔بی جے پی نے قومی عاملہ کا اجلاس حیدرآباد میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا جو جولائی کے آخری ہفتہ میں منعقد ہوگا اور اس اجلاس میں بی جے پی اپنی آئندہ کی حکمت عملی تیار کریگی۔ چیف منسٹر تلنگانہ چندر شیکھرراؤ نے قومی سیاست میں دلچسپی لیتے ہوئے دیگر ریاستوں کے قائدین سے ملاقات کررہے ہیں ایسے میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے جو حکمت عملی تیار کی ہے اس کے مطابق پارٹی نے تلنگانہ پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بی جے پی قائدین بالخصوص وزیر اعظم نریندر مودی ‘ وزیر داخلہ امیت شاہ ‘ قومی صدر جے پی نڈا‘ کے علاوہ مرکزی وزراء کے علاوہ قومی عاملہ اور تمام 18 چیف منسٹرس اس تین روزہ اجلاس میں موجود رہیں گے۔ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد شہر میں بی جے پی کا پہلا قومی عاملہ اجلاس ہونے جا رہاہے۔ سال 2004 میں پارٹی قومی عاملہ کا اجلاس شہر میں منعقد ہوا تھا اور اس وقت شہر متحدہ آندھراپردیش کا دارالحکومت ہوا کرتا تھا ۔ ٹی آر ایس کی جانب سے قومی سیاست میں دلچسپی اور مخالف بی جے پی محاذ کی تیاری کے دوران پارٹی کا قومی اجلاس حیدرآباد میں منعقد کرنے کے فیصلہ کے بعد کہا جا رہاہے کہ تلنگانہ کیڈر کی حوصلہ افزائی اور کارکردگی کو بہتر بنانے تلنگانہ میں قومی عاملہ کا اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ۔ بی جے پی ذرائع کے مطابق تین روزہ اجلاس کے دوران قومی قائدین کے علاوہ ملک کی دیگر ریاستوں کے عاملہ ارکان بھی اجلاس میں شریک ہونگے اور اجلاس کے آخری دن بڑا جلسہ ٔ عام منعقد کرنے کی بھی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ تلنگانہ راشٹر سمیتی سربراہ نے قومی سیاست میں ہلچل پیدا کرنے کی جو بات کہی ہے اس کے بعد بی جے پی نے تلنگانہ کی سیاست میں ہلچل پیدا کرنے پارٹی قائدین کو تیار رہنے اور پارٹی کو مستحکم بنانے کوششوں کو تیز کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ جاریہ ماہ کے دوران تلنگانہ میں قومی صدر بی جے پی جے پی نڈا ‘ وزیر داخلہ امیت شاہ کے علاوہ گذشتہ دنوں شہر میں وزیر اعظم مودی کے خطابات اور مسلسل دوروں کو دیکھتے ہوئے کہا جا رہاہے کہ پارٹی نے تلنگانہ میں حصول اقتدار کے لئے سنجیدہ کوششوں کا آغاز کردیا ہے اور اس کیلئے اپنی ہم خیال محاذی تنظیموں کو بھی متحرک کردیا گیا جو کہ تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں عوام کے درمیان پہنچ کررائے عامہ ہموار کرنے کے علاوہ مخالف ٹی آر ایس اور مخالف کانگریس پروپگنڈہ میں مصروف ہیں اور حکومت و اپوزیشن کی ناکامیوں کے متعلق عوام کو واقف کروارہے ہیں۔م