حیدرآباد ۔21۔ اگست (سیاست نیوز) بی جے پی کے ریاستی صدر اور مرکزی وزیر کشن ریڈی نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے سی آر مجلس کے ہاتھوں میں کٹھ پتلی کی طرح ہیں اور مجلس کے اشاروں پر کام کر رہے ہیں۔ نرمل میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ ریاستی وزیر اندرا کرن ریڈی کے خلاف بی جے پی کا احتجاج جاری رہے گا ۔ وزیر اور ان کے افراد خاندان اراضیات پر ناجائز قبضوں میں ملوث ہیں۔ کسانوں کی اراضیات کو فروخت کرنے کیلئے جی او نمبر 220 جاری کیا گیا ۔ انہوں نے جی او کی منسوخی کا مطالبہ کیا۔ کشن ریڈی نے کہا کہ دھرانی پورٹل کے نام پر کسانوں کے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 27 اگست کو کھمم میں رعیتو بھروسہ جلسہ عام منعقد ہوگا جس میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا شرکت کریں گے۔