کے سی آر مجھ سے مفاہمت کیلئے آئے تھے: مودی

   

یکساں سیول کوڈ حکومت کے ایجنڈہ میں شامل
حیدرآباد ۔ 3 ۔ مئی (سیاست نیوز) وزیراعظم نریندر مودی نے انکشاف کیا کہ بی آر ایس سربراہ کے سی آر بی جے پی سے انتخابی مفاہمت کیلئے آئے تھے لیکن انہوں نے انکار کردیا۔ مختلف نیوز چیانلس سے بات کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ کے سی آر بی جے پی اور مرکزی حکومت کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس حکومت میں کوئی کام کمیشن کے بغیر مکمل نہیں کیا گیا اور آج کانگریس حکومت میں کرپشن کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اور بی آر ایس کرپشن میں ملوث ہیں ۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ تلنگانہ سے بی جے پی کیلئے بہتر نتائج رہیں گے ۔ انہوں نے ریمارک کیا کہ کرپشن اور بدعنوانیوں میں کانگریس کو سونے کا تمغہ اور بی آر ایس کو چاندی کا تمغہ دیا جاسکتا ہے ۔ آندھراپردیش میں انتخابی مفاہمت وزیراعظم نے کہا کہ حلیف پارٹیوں تلگو دیشم اور جنا سینا کے ساتھ کام کریں گے ۔ آندھراپردیش کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں یکساں سیول کوڈ پر عمل آوری حکومت کے ایجنڈہ میں شامل ہے۔ 1

راہول گاندھی کا 5 مئی کو عالم پور میں جلسہ عام سے خطاب
حیدرآباد3مئی (سیاست نیوز) کانگریس قائد راہول گاندھی 5 مئی کو سہ پہر 3 بجے عالم پور میں جلسہ سے خطاب کریں گے۔ ناگر کرنول لوک سبھا حلقہ کی انتخابی مہم میں حصہ لینے راہول گاندھی 5 مئی کو تلنگانہ کا دورہ کرینگے۔ ریاستی وزیر جوپلی کرشنا راؤ ، اے آئی سی سی سکریٹری سمپت کمار ، کانگریس امیدوار ڈاکٹر ملو روی اور دیگر نے عالم پور میں جلسہ کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ سمپت کمار نے کہا کہ ابتداء میں گدوال میں جلسہ عام کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم اسے عالم پور منتقل کیا گیا ہے۔ ریاستی وزیر جوپلی کرشنا راؤ نے کہا کہ ایک لاکھ سے زائد افراد جلسہ عام میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ناگر کرنول لوک سبھا حلقہ میں کانگریس پارٹی کی لہر ہے اور بی جے پی اور بی آر ایس کو بدترین شکست سے دوچار ہونا پڑے گا۔ 1