ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ کی تنصیب روکنے کی مذمت
حیدرآباد ۔ 18۔جون (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کے نائب صدر ملو روی نے پنجہ گٹہ میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا مجسمہ نصب کرنے سے روکنے کی مذمت کی ۔ انہوں نے کہا کہ مجسمہ کی تنصیب کیلئے پہنچنے والے کانگریس قائدین کو حراست میں لیا گیا اور کارکنوں پر لاٹھی چارج کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ امبیڈکر کے مجسمہ کو پولیس اور بلدی حکام نے نامعلوم مقام منتقل کردیا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے سی آر کو مخالف دلت چیف منسٹر قرار دیا اور ملو روی نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر سے کے سی آر کو کوئی عقیدت نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ حیدرآباد میں ان کے مجسمہ کی تنصیب کو روکا جارہا ہے ۔ اس مسئلہ پر گورنر سے نمائندگی کی گئی اور کل جماعتی اجلاس طلب کیا گیا لیکن حکومت نے مجسمہ کی تنصیب کی اجازت نہیں دی ہے۔ انہوں نے ہنمنت راؤ اور دیگر قائدین کی گرفتاری کی مذمت کی ۔ ملو روی نے کہا کہ کے سی آر نے دلت کو چیف منسٹر بنانے کا اعلان کیا تھا لیکن آج وہ ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ کی تنصیب کے خلاف ہے ۔ انہوں نے شہر کے مرکزی مقام پر امبیڈکر کا مجسمہ نصب کرنے کا مطالبہ کیا اور قائدین کی رہائی پر زور دیا ۔ ملو روی نے کہا کہ ملنا ساگر پراجکٹ کے متاثرین کو جس طرح معاوضہ ادا کیا گیا ، اسی طرح کا معاوضہ دیگر پراجکٹس کے متاثرین کو ادا کیا جائے۔
