حیدرآباد ۔ یکم ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : ورنگل ویسٹ کے رکن اسمبلی این راجندر ریڈی نے کہا کہ کے سی آر نے خشک سالی سے متاثرہ کسانوں کو تسلی دینے کے نام سے ایک اور ڈرامہ شروع کیا ہے ۔ کل ورنگل میں ایک بیان میں انہوں نے سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور سابق وزیر پر حکومت پر بے بنیاد الزامات عائد کرنے پر تنقید کی ۔ راجندر ریڈی نے کہا کہ ’ کے سی آر نے ان کے ایک دہے طویل دور حکومت میں خشک سالی ، یا غیر موسمی بارش یا آندھی کے باعث جن کسانوں کی فصلوں کو نقصان پہنچا تھا انہیں کبھی تسلی نہیں دی ۔ لیکن کسانوں کے معاملہ میں تشویش ظاہر کرتے ہوئے مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں ۔ کے سی آر نے اتوار کو جنگاؤں ڈسٹرکٹ میں دھراوتھ تھانڈے کے ان کے دورہ کے دوران کانگریس حکومت پر الزام تراشی کی کوشش کی ۔ راجندر ریڈی نے کہا کہ ’ کانگریس نے گذشتہ سال دسمبر میں اقتدار سنبھالا ہے اور کے سی آر حکومت پر الزام تراشی کرنے پر آمادہ ہیں ۔ کے سی آر جن کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے 80 ہزار کتابیں پڑھی ہیں ، ان کی تنقید میں لاجک کا فقدان ہے ۔ کے سی آر ، ان کے فرزند کے ٹی آر اور بھانجے ہریش راؤ بی آر ایس کے اقتدار کھونے کے بعد مایوسی کا شکار ہوگئے ہیں ۔۔