آج دو مندروں میں درشن اور خصوصی پوجا، جگہ جگہ بی آر ایس کارکنوں نے استقبال کیا
حیدرآباد ۔26۔ جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ مہاراشٹرا کے دو روزہ دورہ پر آج شام شولاپور پہنچ گئے۔ چیف منسٹر حیدرآباد سے سڑک کے راستے 600 سے زائد گاڑیوں کے قافلہ کے ساتھ شولاپور پہنچے جہاں ان کا بی آر ایس کارکنوں نے شاندار استقبال کیا ۔ حیدرآباد سے روانگی کے بعد تلنگانہ کے حدود اور پھر کرناٹک اور مہاراشٹرا کے علاقوں میں کے سی آر کا جگہ جگہ بی آر ایس کارکنوں نے استقبال کیا۔ کے سی آر نے وزراء ، ارکان مقننہ اور سینئر قائدین کو دورہ میں ساتھ رکھا ہے۔ دوپہر میں دھارا شیو ضلع کے عمرگہ میں کے سی آر نے اجتماعی ظہرانہ میں شرکت کی ۔ کے سی آر خصوصی بس میں سوار تھے اور قافلہ میں دو بسوں کے علاوہ 600 سے زائد موٹر کاریں موجود تھیں۔ راستہ میں جگہ جگہ کے سی آر کے استقبالیہ پوسٹرس لگائے گئے تھے۔ چیف منسٹر شولاپور میں رات قیام کے بعد منگل کی صبح 8.00 بجے پنڈری پورہ روانہ ہوں گے جہاں مشہور مندر میں خصوصی پوجا کریں گے۔ درشن کے بعد کے سی آر شولاپور میں بی آر ایس کارکنوں کی جانب سے پروگرام میں شرکت کریں گے۔ جلسہ عام کے لئے بڑے پیمانہ پر تیاریاں کی جارہی ہیں۔ اس موقع پر مقامی قائدین بی آر ایس میں شمولیت اختیار کریں گے۔ چیف منسٹر شام میں دھارشیو ضلع میں تلجا بھوانی مندر میں درشن اور خصوصی پوجا میں حصہ لیں گے جس کے بعد حیدرآبادکے لئے روانہ ہوجائیں گے ۔ چیف منسٹر کے دو روزہ دورہ کے سلسلہ میں مہاراشٹرا کے بی آر ایس قائدین نے شاندار استقبال کا اہتمام کیا ۔ شولاپور میں کے سی آر نے سابق رکن پارلیمنٹ ڈی سادول کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی اور مہاراشٹرا کی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی۔ شولاپور کے سابق رکن پارلیمنٹ بی آر ایسمیں شمولیت اختیار کرسکتے ہیں۔ کے سی آر کا دو روزہ دورہ دو اہم اور قدیم مندروں کے سلسلہ میں ہے۔ حیدرآباد میں پرگتی بھون سے روانگی کے موقع پر وزیر داخلہ محمد محمود علی نے چیف منسٹر کو امام ضامن باندھا۔ چیف منسٹر کا دھارا شیو ضلع میں خواتین کی جانب سے روایتی انداز میں استقبال کیا گیا۔ ر