کے سی آر میڈیکل کالجس کیلئے 100مکتوب برسر عام کریں : کشن ریڈی

   

حیدرآباد۔/22 نومبر، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر اور بی جے پی کے ریاستی صدر جی کشن ریڈی نے کانگریس اور بی آر ایس کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کانگریس کو چیلنج کیا کہ وہ برسراقتدار آنے پر دلت کو چیف منسٹر بنانے کا اعلان کریں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ کے سی آر اپنے فرزند کے ٹی آر کو چیف منسٹر بنانے کا باقاعدہ اعلان کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس برسراقتدار آنے پر ہر 6 ماہ میں چیف منسٹر تبدیل ہوگا۔ تلنگانہ کو سب سے زیادہ نقصان کانگریس پارٹی سے ہوا ہے۔ تلنگانہ میں ترقی کیلئے ڈبل انجن سرکار ضروری ہے۔ کشن ریڈی کو یقین ہے کہ عوام بی جے پی کو اقتدار کا موقع دیں گے۔ انہوں نے میڈیکل کالجس کی عدم منظوری کیلئے مرکزی حکومت کو مورد الزام ٹہرانے سے متعلق کے سی آر کے بیان کی مذمت کی اور چیلنج کیا کہ میڈیکل کالجس کیلئے 100 مکتوب مرکز کو روانہ کرنے کا دعویٰ کرنے والے مذکورہ مکتوبات عوام کے سامنے پیش کریں۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی کے خلاف گمراہ کن بیانات دیئے جارہے ہیں۔

کشن ریڈی نے کہا کہ عوام کسی بھی صورت میں کانگریس کو اقتدار کا موقع نہیں دیں گے۔ ملک میں کانگریس کے اسکامس کی ایک طویل فہرست ہے جس میں کئی ہزار کروڑ کی لوٹ کی گئی۔
کشن ریڈی نے ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر میں تاخیر کی وجوہات بیان کرنے حکومت سے مطالبہ کیا۔