کے سی آر نے افتتاحی رِبن کھینچ کر پھینک دی

   

بروقت قینچی کی عدم فراہمی پر چیف منسٹر کی برہمی
حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سرسلہ کے دورہ کے موقع پر آج عہدیداروں کے رویہ سے ناراض ہوگئے۔ انہوں نے ڈبل بیڈ روم مکانات کے افتتاح کے موقع پر رِبن کاٹنے کیلئے قینچی کی عدم دستیابی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ہاتھ سے افتتاحی رِبن کو کھینچ کر پھینک دیا۔ چیف منسٹر مختلف ترقیاتی پروگراموں میں حصہ لیتے ہوئے ڈبل بیڈ روم مکانات کی افتتاحی تقریب میں پہنچے۔ ایک مکان میں الاٹ خاندان کے ساتھ داخل ہونے جب وہ دروازہ پر پہنچے تو وہاں افتتاحی رِبن لگی تھی۔ چیف منسٹر کے پہنچتے ہی عہدیداروں کو قینچی کے بارے میں ایک دوسرے سے استفسار کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ ہر کوئی قینچی، قینچی پکار رہا تھا۔ یہ صورتحال دیکھ کر چیف منسٹر برہم ہوگئے اور دروازہ پر موجود رِبن کو کھینچ کر پھینک دیا اور الاٹ کردہ خاندان کے ساتھ نئے مکان میں قدم رکھا۔ چیف منسٹر کے اس رویہ سے عہدیدار حیرت میں پڑ گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ افتتاح کیلئے قینچی کا انتظام موجود تھا لیکن اسے چیف منسٹر تک پہنچانے میں تاخیر ہوگئی۔ چیف منسٹر کے ساتھ موجود کے ٹی راما راؤ اور دیگر وزرا نے عہدیداروں کی سرزنش کی کہ انہوں نے مقررہ وقت پر قینچی فراہم نہیں کی۔