وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی کا الزام، آبی مفادات کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں
حیدرآباد۔ یکم؍ جولائی (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس حکومت تلنگانہ کے آبی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور بی آر ایس کے پروپگنڈہ کو بے نقاب کیا جائے گا۔ پرجابھون میں پولاورم بنکاچرلا پراجکٹس پر پاور پوائنٹ پرزنٹیشن دیتے ہوئے وزیر آبپاشی نے سابق چیف منسٹر کے سی آر پر تلنگانہ کے مفادات کو آندھرا پردیش کے پاس رہن رکھنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ گوداوری اور کرشنا دریا میں تلنگانہ کے آبی مفادات کا بہرصورت تحفظ کیا جائے گا۔ سابق بی آر ایس حکومت نے آندھرا پردیش کو پولاورم بنکاچرلا جیسے پراجکٹس کی تعمیر کی اجازت دی جس کے نتیجہ میں تلنگانہ کے آبی مفادات متاثر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے گمراہ کن پروپگنڈہ کو بے نقاب کرتے ہوئے کانگریس حکومت تلنگانہ کے آبی مفادات کے لئے ہر سطح پر جدوجہد کرے گی۔ اتم کمار ریڈی نے 2018-19 کے درمیان آندھرا پردیش حکومت کی جانب سے بنکاچرلا پراجکٹ کے سلسلہ میں جاری کردہ احکامات کی تفصیلات بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی بی آر ایس حکومت نے 10 برسوں میں آندھرا پردیش کے پراجکٹس پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔ گوداوری کے پانی کو رائلسیما منتقل کرنے کے لئے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے چیف منسٹرس کے درمیان کئی ملاقاتیں ہوئیں۔ دونوں چیف منسٹرس نے اپیکس کونسل کے اجلاس میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی زیر قیادت حکومت نے قانونی اور تکنیکی سطح پر کوئی اعتراض نہیں کیا حالانکہ آندھرا کے پراجکٹس تنظیم جدید قانون 2014 کی واضح خلاف ورزی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس حکومت کے نرم رویہ کے نتیجہ میں آندھرا پردیش کو پراجکٹس کی تعمیر کا موقع ملا۔ وزیر آبپاشی نے آندھرائی پراجکٹس کے خلاف مرکز سے کی گئی نمائندگیوں اور قانونی سطح پر جدوجہد کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ 1