خاتون وزراء سے خوشگوار بات چیت، میڈارم جاترا کا دعوت نامہ سیتکا اور کونڈا سریکھا نے حوالے کیا
حیدرآباد ۔8 ۔ جنوری (سیاست نیوز) ریاستی وزراء کونڈا سریکھا ، ڈی انوسویا سیتکا نے گجویل کے ایراولی میں واقع فارم ہاؤز پہنچ کر سابق چیف منسٹر اور بی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی۔ میڈارم جاترا میں شرکت کیلئے سابق چیف منسٹر کو خاتون وزراء نے دعوت نامہ حوالہ کیا اور میڈا رم کا پرساد پیش کیا۔ آئندہ چند دنوں میں شروع ہونے والی جاترا میں شرکت کے لئے تلنگانہ حکومت کی جانب سے بی آر ایس سربراہ کو مدعو کیا گیا۔ ریاستی وزراء کی آمد کے موقع پر کے سی آر خاندان کی جانب سے ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ کے سی آر نے انتہائی محبت اور خلوص کے ساتھ خاتون وزراء کا خیرمقدم کیا اور ان سے پوچھا کہ اماں آپ لوگ کیسے ہیں؟ ریاستی وزراء کے ساتھ کے سی آر اور ان کی شریک حیات نے میڈارم جاترا کی تیاریوں کے بارے میں بات چیت کی۔ روایتی مہمان نوازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں وزراء کو کے سی آر کی شریک حیات نے تانبہ کی تھالی میں ساڑی ، کم کم اور ہلدی پیش کی۔ انہوں نے دونوں وزراء کو تلک لگایا۔ وزراء کی جانب سے کے سی آر اور ان کی شریک حیات کو میڈارم پرساد حوالے کیا گیا۔ ریاستی وزراء کی فارم ہاؤز میں موجودگی کے دوران انتہائی خوشگوار ماحول میں بات چیت رہی۔ وزراء کی مٹھائی سے تواضع کی گئی۔ کے سی آر نے خاتون وزراء سے خیریت دریافت کی اور وزراء نے کے سی آر کی صحت کے بارے میں سوال کیا اور بہتر صحت کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ سابق رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار نے فارم ہاؤز پہنچنے پر ریاستی وزراء کا استقبال کیا اور انہیں پودوں کے گملے حوالے کئے۔ تلنگانہ کی روایت کے مطابق گھر آنے والی خواتین کی خاطر تواضع کی جاتی ہے اور اس رسم کو کے سی آر کی اہلیہ نے ادا کیا۔ خاتون وزراء کی فارم ہاؤز پر آمد سے ماحول انتہائی خوشگوار دیکھا گیا۔1
