کے سی آر نے پارٹی امیدوار سنیتا کو بی فارم حوالے کیا

   

انتخابی خرچ کیلئے 40 لاکھ روپئے کا چیک بھی حو الے ، فارم ہاؤز میں ملاقات

حیدرآباد ۔ 14 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سربراہ سابق چیف منسٹر کے سی آر نے اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے ضمنی انتخاب کے لئے پا رٹی امیدوار سنیتا گوپی ناتھ کو پار ٹی کا بی فارم اور انتخابی اخراجات کیلئے 40 لاکھ روپئے کا چیک حوالے کیا ہے ۔ پارٹی امیدوار سنیتا کے ہمراہ ان کی بیٹیاں اور بیٹے کے علاوہ سابق وزراء سبیتا اندرا ریڈی ، پدما راؤ گوڑ کے علاوہ ارکان اسمبلی کے وینکٹیش ، ایم گوپال سابق رکن اسمبلی این بھاسکر را ؤ کے علاوہ دوسرے قائدین نے آج فارم ہا ؤز پہنچ کر کے سی آر سے ملاقات کی ۔ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کی تازہ سیاسی صورتحال، پارٹی کی انتخابی حکمت عملی کے علاوہ دوسرے امور پر تبادلہ خیال کیا اور کامیابی کیلئے سنیتا کو آشیرواد دیا۔ پارٹی ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ بی آر ایس پا رٹی اپنی موجودہ نشست کو برقرار رکھنے کے لئے خصوصی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے آگے بڑھ رہی ہے ۔ پہلے ’’الیکشن وار روم ‘‘ تشکیل دیا گیا ہے ۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر اور سابق ریاستی وزیر ٹی ہریش راؤ ضمنی چناؤ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے 5 ڈیویژنس کیلئے سابق وزراء بی آر ایس کے ارکان اسمبلی‘ ارکان قانون ساز کونسل کے علاوہ دوسرے قائدین کو انچارج بنایا گیا ہے ۔ فی الحال مقامی اداروں کے انتخابات کا مسئلہ عدالتی کشاکش کا شکار ہوجانے پر تلنگانہ کے دوسرے اضلاع کے بی آر ایس قائدین کی خدمات اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے ضمنی انتخاب کے لئے حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے بعد بی آر ایس کی انتخابی مہم میں شدت پیدا کی جاسکے۔ 2