سیلاب اور بارش کی تباہ کاریاں، یوریا کی قلت و دیگر مسائل کا فارم ہاوز میں جائزہ اجلاس
حیدرآباد /4 ستمبر ( سیاست نیوز ) بی آر ایس کے سربراہ سابق چیف منسٹر کے سی آر نے فارم ہاوز میں پارٹی قائدین کا اہم اجلاس طلب کرتے ہوئے کویتا کو پارٹی سے معطل کرنے کے بعد کی صورتحال اور تازہ حالات کا جائزہ لیتے ہوئے پارٹی قائدین کو جوبلی ہلز کے ضمنی انتخاب کے علاوہ عوامی مسائل پر توجہ دینے کی ہدایت دی ہے ۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر گذشتہ چار دن سے فارم ہاوز میں ہے ۔ اپنے والد اور پارٹی کے سربراہ کے سی آر سے تازہ حالات پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔ کے سی آر پارٹی کے اہم قائدین کو ضرورت کے مطابق فارم ہاوز طلب کرتے ہوئے بات چیت کر رہے ہیں۔ حکومت نے کالیشورم پراجکٹ کی سی بی آئی تحقیقات کرانے کا اعلان کیا ہے ۔ اس کا جائزہ لیا ہی جارہا تھا کہ کویتا نے ہریش راؤ اور سنتوش راؤ کے خلاف سنسنی خیز الزامات عائد کردئے جس کے بعد پارٹی نے کویتا کو معطل کردیا جواب میں کویتا نے پارٹی اور کونسل کی رکنیت سے استعفی دیتے ہوئے فیملی کے دو قائدین کے خلاف مزید سنگین الزامات عائد کردیا ۔ اس پر ابھی تک کے سی آر اور کے ٹی آر نے کوئی ردعمل کا اظہار نہیں کیا جبکہ بی آر ایس کے دوسرے قائدین نے کے سی ار کے فیصلے کی تائید کرتے ہوئے ہریش راؤ اور سنتوش راؤ کی مدافعت کی اور کویتا کو سخت نہیں مگر نرم لہجے میں تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔ ہریش راؤ برطانیہ کے دورے سے ہفتہ کو حیدرآباد واپس لوٹ رہے ہیں۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کے سی آر نے کے ٹی آر پرشانت ریڈی ، جگدیش ریڈی سابق ایم ایل سی رویندر راؤ اور سنتوش سے ملاقات کی ہے ۔ ریاست میں بارش اور سیلاب کی تباہ کاریوں ، یوریا کی قلت جوبلی ہلز کے ضمنی انتخابات کے علاوہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر پارٹی چھوڑکر کانگریس میں شامل ہونے والے 10 ارکان اسمبلی کے حلقوں میں امکانی ضمنی انتخابات کا جائزہ لیا ہے ۔ پارٹی کے قائدین کو عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ اس کے علاوہ اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز میں ووٹر لسٹ کی نظرثانی پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دی ہے۔ 2