حیدرآباد ۔ 26 ۔ جنوری : ( این ایس ایس ) : گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے 70 ویں یوم جمہوریہ ہند تقاریب کے ایک حصہ کے طور پر راج بھون کے سبزہ زار پر آج شام ایٹ ہوم کی ضیافت کی جس میں تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے شرکت کی تاہم ان کے آندھرائی ہم منصب این چندرا بابو نائیڈو نے شرکت نہیں کی اور اپنے نائب کے ای کرشنا مورتی کو نمائندگی کے لیے روانہ کیا تھا ۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی ، ٹی آر ایس کے کارگزار صدر کے ٹی راما راؤ ، ٹاملناڈو کے سابق گونر کے روشیا ، تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر این اتم کمار ریڈی ، سی ایل پی لیڈر ملو بھٹی وکرامارکا ، کانگریس لیڈر کے جانا ریڈی ، تلنگانہ ٹی ڈی پی کے صدر ایل رمنا وغیرہ دیگر مہمانوں میں شامل تھے ۔ گورنر نرسمہن اور ان کی شریک حیات محترمہ ویملا نرسمہن نے مہمانوں کا خیر مقدم کیا ۔۔
کے سی آر نے پرگتی بھون اور اسپیکر نے اسمبلی میں پرچم کشائی انجام دی
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جنوری : ( این ایس ایس ) : چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے 70 ویں یوم جمہوریہ ہند کے موقع پر پرگتی بھون میں قومی پرچم کشائی انجام دی ۔ اس موقع پر ارکان اسمبلی و کونسل اور دیگر قائدین موجود تھے ۔ اسپیکر پوچارام سرینواس ریڈی نے عمارات اسمبلی کے احاطہ میں پرچم کشائی انجام دی ۔ اس موقع پر انہوں نے مہاتما گاندھی اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے بتائے ہوئے راستہ پر چلنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ تکثیری معاشرہ اس ملک کا عظیم سرمایہ ہے جہاں تمام مذاہب ، طبقات اور علاقوں کے عوام کو مساویانہ حقوق حاصل ہیں اور تمام کا یکساں احترام کیا جاتا ہے ۔۔