اپوزیشن کو پاگل قرار دینے پر کانگریس برہم، کے سی آر کی زبان میں جواب دینے کی دھمکی
حیدرآباد ۔6۔ مئی(سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے چیف منسٹر کی جانب سے اپوزیشن کو پاگل اور احمق قرار دینے پر شدید رد عمل کا اظہار کیا۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے آج پارٹی کے سینئر قائدین وی ہنمنت راؤ ، پونم پربھاکر ، جی نارائن ریڈی ، رکن اسمبلی جگا ریڈی ، سابق رکن اسمبلی ایم کودنڈا ریڈی اور دوسروں کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر اپنے مقام اور مرتبہ سے ہٹ کر گھٹیا گفتگو کر رہے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ 30 سالہ سیاسی زندگی میں انہوں نے کے سی آر جیسا شخص نہیں دیکھا ۔ کے سی آر اپنے فائدہ کیلئے من مانی باتیں کرتے ہیں اور اپوزیشن کو گراکر دیکھنا ان کی پرانی عادت ہے۔ کے سی آر نے اپنے ریمارکس کے ذریعہ کانگریس پر حملہ کیا ہے اور توہین کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اب پارٹی کے بجائے انفرادی طور پر نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ کے سی آر نے اسمبلی میں کہا تھا کہ پیرا سٹیمول کے استعمال سے کورونا کا علاج کیا جاسکے گا لیکن آج وہ اپنی بات سے مکر چکے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام اچھی طرح جانتے ہیں کہ پاسپورٹ بروکر کون ہیں اور کس کے خلاف مقدمات درج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مارچ میں کنٹراکٹرس کو رقومات ادا کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنرس کے وظیفہ میں کٹوتی کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اور ان کے خاندان کو لوٹنے کیلئے علحدہ تلنگانہ ریاست قائم نہیں کی گئی، تلنگانہ میں آندھرا کے کنٹراکٹرس کے ذریعہ پراجکٹس کی تکمیل کا کام انجام دیا جارہا ہے جو کے سی آر کے کمیشن لالچ کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کے سی آر اور ان کا خاندان سرکاری طیارہ کے بجائے خانگی طیارہ میں کیوں سفر کرتا ہے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کورونا وائرس سے ہلاکتوںکی تعداد کم ظاہر کرنا کے سی آر کے لئے باعث شرم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے مسئلہ پر گورنر سے ملاقات اور عدالت سے رجوع ہونا کے سی آر کو پسند نہیں۔ لہذا اپوزیشن کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے ریاست میں شراب کی فروخت عام کرنے کی مذمت کی اور کہا کہ سماجی فاصلہ اور دیگر شرائط کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے اپنی زندگی میں عوام سے کئے گئے ایک بھی وعدہ کی تکمیل نہیں کی ۔ کانگریس قائدین نے کے سی آر کو انتباہ دیا کہ وہ اپنے رویہ میں تبدیلی لائیں ورنہ کانگریس پارٹی اسی زبان میں جواب دینا جانتی ہے ۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ چیف منسٹر دبئی چندر شیکھر راؤ کے نام سے مشہور ہیں اور ان کے مختلف اسکامس آج بھی عوام کو یاد ہیں۔