کے سی آر پر آئندہ 48 گھنٹوں تک انتخابی مہم میں حصہ لینے پر پابندی

   

حیدرآباد۔ یکم؍ مئی (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن نے بی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ کی آئندہ 48 گھنٹوں تک انتخابی مہم پر امتناع عائد کردیا ہے۔ 5 اپریل کو سرسلہ میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کے سی آر نے کانگریس پارٹی کے قائدین کے خلاف اہانت امیز اور قابل اعتراض الفاظ کا استعمال کیا تھا جس پر کی کانگریس پارٹی کے قائدین نے سخت مذمت کرتے ہوئے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے کا کے سی آر پر الزام عائد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے شکایت کی تھی۔ الیکشن کمیشن نے کے سی آر سے اس شکایت پر وضاحت طلب کی تھی۔ کے سی آر نے جو جواب دیا تھا اس پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے کے سی آر کے خلاف کارروائی کی ہے۔ انہیں چہارشنبہ کی رات 8 بجے سے آئندہ 48 گھنٹوں تک لوک سبھا کی انتخابی مہم میں حصہ لینے پر پابندی عائد کردی ہے۔ الیکشن کمیشن نے آرٹیکل 324 کے تحت اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے چندر شیکھر راؤ کو عوامی جلسہ، جلوس، ریالی، روڈ شو، انٹرویوز منعقد کرنے سے روک دیا ہے۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے سینئر نائب صدر جی نرنجن کی شکایت پر الیکشن کمیشن نے کارروائی کرتے ہوئے یہ پابندی عائد کی ہے۔ 2